• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آر پی او کا 6انسپکٹرز کی راولپنڈی ریجن میں تعیناتی کیلئے آئی جی کو خط

راولپنڈی (وسیم اختر، سٹاف رپورٹر) دوسرے ریجنز میں تبدیل کئے گئے 6انسپکٹروں کو دوبارہ راولپنڈی میں تعینات کرانے کیلئے آرپی او راولپنڈی نے آئی جی پولیس پنجاب سے تحریری درخواست کردی۔ ذرائع کے مطابق آرپی او راولپنڈی اشفاق احمد خان کی جانب سے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کو لکھے گئے لیٹر میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سی پی او نے مطلع کیا ہے کہ ضلع راولپنڈی میں جرائم پر قابو پانے اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے ایس ایچ اوز کی تعیناتی اور دیگر اہم ذمہ داریوں کیلئے تجربہ کار پولیس افسران کی کمی ہے۔ ضلع راولپنڈی کے انسپکٹرز سجاد الحسن، اظہر محمود، آصف سجاد، عصمت کمال، عابد منیر اور صفدر حسین جنہیں پروموشن کے بعد ٹرانسفر کر دیا گیا تھا‘ کا تبادلہ پبلک انٹرسٹ میں راولپنڈی ریجن میں کیا جائے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ جن انسپکٹروں کی خدمات کرائم کنٹرول کرنے کیلئے دوبارہ راولپنڈی کیلئے مانگی گئی ہیں ان میں سے صرف دو پولیس افسر عابد منیر اور آصف سجاد قبل ازیں بطور ایس ایچ او کام کر چکے ہیں اور یہ دونوں بھی مختصر عرصہ تک ایس ایچ او رہے۔ دیگر چاروں انسپکٹر دفاتر میں کام کرتے رہے جن میں سجاد الحسن پی آر او سی پی او آفس، صفدر حسین ایڈمن آفیسر آر پی او آفس، عصمت کمال سکیورٹی برانچ سی پی او آفس اور اظہر محمود بطور ریڈر ایس ایس پی آپریشنز کام کرتے رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایسا معلوم ہوتا ہے کہ سی پی او اور آر پی او کو ماتحت افسروں نے صحیح صورتحال سے آگاہ نہیں کیا۔
تازہ ترین