• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منشیات کی اسٹرٹیجی سے 3 لاکھ عادی افراد کی مشکلات کا خاتمہ ہوگا، وزیراعظم

لندن (پی اے) بورس جانسن نے کہا ہے کہ حکومت کا مقصد منشیات استعمال کرنے والے 300000افراد کو بحالی کی خدمات فراہم کرنا ہے، جس کے نتیجے میں چوریوں، ڈکیتیوں اور لوٹ مار کی وارداتوں میں نصف کمی ہوجائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ انگلینڈ اور ویلز کی 10؍سالہ سٹراٹیجی کے تحت2000کائونٹی لائنز گینگز کا خاتمہ بھی کیا جائے گا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں اب تک کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کے ذریعہ کارروائی میں300ملین پونڈز کے گینگز کیخلاف کریک ڈائون بھی شامل ہوگا۔ دوسرے اقدامات کے تحت منشیات استعمال کرنے والوں کو پیغام بھیجنے کیلئے استعمال ہونے والے فونز ضبط کرنا اور منشیات کے استعمال کی حوصلہ شکنی بھی شامل ہے۔ مرسی سائیڈ پولیس ہیڈکوارٹرز کے ایک دورے میں گفتگو کرتے ہوئے مسٹر جانسن نے کہا کہ انتہائی بڑے پیمانے پر اس مسئلہ کے نتیجے میں 300000 افراد کی زندگیاں مشکلات کا شکار ہیں جو کہ خود اپنی لت کی وجہ سے پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سٹراٹیجی، جو کہ بعدازاں شائع ہوگی، اس میں منشیات استعمال کرنے والوں کے خود ساختہ ’’لائف اسٹائل‘‘ کے خاتمے کیلئے سخت اقدامات بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ مسٹر جانسن نے قبل ازیں اتوار کے روز دی سن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت اس دھندے کی ڈیمانڈ پوری کرنے کی حوصلہ شکنی کیلئے منشیات کے سوداگروں کے پاسپورٹس یا ڈرائیونگ لائسنس ضبط کرنے پر غور کرے گی۔ لیبر نے کہا ہے کہ یہ اصلاحات بہت پہلے ہوجانی چاہئے تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس بجٹس میں کٹوتیوں کے باعث گینگز کو پھلنے پھولنے کا موقع ملا، یہ امر قابل ذکر ہے کہ کائونٹی گینگز منشیات کے شہری ڈیلرز ہیں جوکہ مخصوص فون لائنز کے ذریعے زیادہ تر دیہی علاقوں میں کسٹمز کو منشیات فروخت کرتے ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ان گینگز کے خلاف آپریشنز کے نتیجے میں اب تک 1500 فون لائنز بند کی جا چکی ہیں اور 7400 سے زائد گرفتاریوں کے بعد 4000 سے زائد غیر محفوظ بچوں اور بالغوں کو تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔

تازہ ترین