• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرکاری ٹی وی کا نشریاتی حقوق دوسرے چینل کو دینے پر پی سی بی کو نوٹس

کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی جانب سے قومی ٹیم کی سیریز کے نشریاتی حقوق کسی اور چینل کو دینے پر سرکاری ٹی وی نے چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کو قانونی نوٹس بھجوا دیا۔ سرکاری ٹی وی کی جانب سے بیرسٹر احمد پنسوتا نے پی سی بی کو لیگل نوٹس بھجوایا گیا ہے جس میں چیئرمین پی سی بی کو فریق بنایا گیاہے۔ قانونی نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سرکاری ٹی وی اور پی سی بی کے درمیان پاکستان میں نشریاتی حقوق کا معاہدہ 16ستمبر 2020ء کو ہوا اور سرکاری ٹی وی نے اس معاہدے کی ہر لحاظ سے پیروی کی لیکن ایک دم سے پی سی بی نے بغیر کسی وجہ کے نوٹس دئیے بغیر ہی یہ معاہدہ ختم کردیا۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ معاہدے کی منسوخی کے پی سی بی کے اس غیرقانونی اقدام پر لاہور کے سینئر سول جج کی عدالت میں چیلنج کرتے ہوئے حکم امتناع کی درخواست دی گئی تاکہ پی سی بی کو کسی اور فریق سے معاہدہ کرنے سے باز رکھا جا سکے اور وہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز سمیت دیگر کے میڈیا حقوق بھی کسی اور فریق کو نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالت نے اس معاملے پر حکم امتنازع جاری کردیا اور پی سی بی نے ہماری درخواست کے خلاف اپیل بھی دائر کی لیکن عدالت نے اسے ہمارے حق میں مسترد کردیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا جہاں جسٹس رسال حسن بندیال نے بورڈ کی اپیل مسترد کرنے کے فیصلے کو منسوخ کردیا تھا اور اب اس مقدمے کی سماعت 22؍ دسمبر کو ہو گی۔ چیئرمین پی سی بی کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا کہ ہمارے علم میں آیا ہے کہ پی سی بی نشریات کے لیے معاہدہ کرنے والا ہے جو حکم امتناع کی خلاف ورزی ہے اور پی سی بی کا ایسا کوئی بھی عمل توہین عدالت تصور کیا جائے گا۔ نوٹس میں رمیز راجا کو کہا گیا کہ وہ حکم امتناع پر اس کی روح کے مطابق عمل کریں اور اگر ایسا نہ ہوا تو اسے عدالتی حکم کی خلاف ورزی تصور کرتے ہوئے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس سلسلے میں کہا گیا کہ خلاف ورزی کی صورت میں چیئرمین پی سی بی کے خلاف عدالتی حکم کی نافرمانی، توہین عدالت، ذاتی حیثیت میں اختیارات کے غلط استعمال کی کارروائی ہو سکتی ہے جبکہ فریق ان کے خلاف دیگر قانونی کارروائی کرنے میں حق بجانب ہو گا۔واضح رہے کہ گزشتہ سال پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے سرکاری اسپورٹس چینل سے 200ملین ڈالر کے عوض تین سال کا معاہدہ کیا تھا۔اس نئے معاہدے کے تحت طے پایا تھا کہ سرکاری ٹی وی اسپورٹس پاکستان کی تمام دو طرفہ سیریز کے ساتھ ساتھ ڈومیسٹک کرکٹ کے تمام میچز بھی نشر کرے گا۔ تاہم اب بورڈ کی جانب سے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کے لیے کسی اور فریق سے معاہدے کی خبروں کے بعد پی ٹی وی نے چیئرمین پی سی بی کو نوٹس بھیجا ہے۔

اہم خبریں سے مزید