لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ چترال سے گوادر تک پی ٹی آئی کی سونامی عوام کے لئے آزمائش بن چکی۔ گوادربنیادی سہولتوں سے محروم ہے، علاقے کے رہائشیوں نے ہر فورم پر اپنے حق کے لئے آواز بلند کی، مگر کہیں بھی شنوائی نہیں ہوئی۔ مظاہرین کے مطالبات آئینی اور قانونی ہیں، فی الفور عمل درآمد کیا جائے۔ گوادر کے لوگوں نے اس لئے احتجاج کا راستہ اپنایا کیوں کہ حکمران گونگے اور بہرے ہیں۔ تربت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نے بلوچستان کے عوام کے جائز مطالبات کو ایوانوں میں اٹھایا۔ جماعت اسلامی ”گوادر کو حق دو تحریک“ کی مکمل تائید کرتی ہے۔گزشتہ سوا تین سال میں ہر شعبہ میں بیڈگورننس کی تاریخ رقم ہوئی، لاقانونیت، کرپشن، مہنگائی، بےروزگاری پی ٹی آئی کے عوام کے لئے تحائف ہیں۔