پشاور(نمائندہ خصوصی)جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما سینٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے سابق چیئرمین اور پشاور کے سابق ناظم اعلیٰ حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ میٹرو پولٹین پشاور کے مئیر کیلئے ہونے والے الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور قومی وطن پارٹی کی طرف سے جمعیت علمائے اسلام کے امیدوار حاجی زبیر علی کی حمایت سے حاجی زبیر علی کی کامیابی یقینی ہو گئی ہے۔ حاجی غلام علی نے انتخابی مہم کے سلسلے میں ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابق صوبائی وزیر امان اللہ حقانی، صوبائی اسمبلی کے سابق ممبر عطیف الرحمان خلیل ، جمعیت علمائے اسلام، پاکستان مسلم لیگ (ن) قومی وطن پارٹی پشاور کے علمائے کرام اور تاجر رہنمائوں کی طرف سےجمعیت علمائے اسلام کے امیدوار حاجی زبیر کی کامیابی کے لئے مشترکہ انتخابی مہم سے حاجی زبیر علی کی کامیابی یقینی ہو گئی ہے پشاور کے عوام نے حاجی زبیر علی کے انتخابی نشان پر ٹھپہ لگانے کا تہیہ کر لیا ہے۔ انشااللہ 19دسمبر کا سورج حاجی زبیر علی کی کامیابی کی نوید لیکر ابھرے گا۔