• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان میں انسانی المیہ بڑھ رہا ہے: فواد چوہدری

وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ افغانستان میں انسانی المیہ بڑھ رہا ہے۔

سعودی سفارت خانے کے زیرِ اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ سرد موسم میں افغانستان کے لوگ بد ترین بحران سے دو چار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ او آئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس میں افغانستان کی صورتِ حال پر توجہ رکھی جائے گی، پاکستان افغانستان کی ہر ممکن مدد کر رہا ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ افغانستان کو ہم ڈھائی لاکھ میٹرک ٹن گندم فراہم کر رہے ہیں، پاکستان نے افغانستان سے درآمد کی جانے والی 40 اشیاء پر ڈیوٹی ختم کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ افغانستان کے کاروباری افراد کو اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے میں مدد ملے گی، 19 دسمبر کو او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس غیر سیاسی ہو گا۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ دنیا افغانستان کی مدد کے لیے مل بیٹھے، افغانستان میں پیدا ہونے والا بحران شدت اختیار کر سکتا ہے۔

فواد چوہدری کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے ہمیشہ افغانستان میں امن کی بات کی ہے، ہماری حکومت افغانستان میں امن کے لیے کوشاں ہے۔

تازہ ترین