• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ووٹنگ مشین پر الیکشن کمیشن جو چاہے تسلی کرلے، فواد چوہدری


وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) پر الیکشن کمیشن جو تسلی کرنا چاہتا ہے کرلے۔

کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن ہو یا اپوزیشن جماعتیں ہوں، ای وی ایم نظام کو سمجھے بغیر تنقید پر اعتراض ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں جو اقدامات نہیں ہوسکے امید ہے اب وہ سخت اقدامات کا موقع ملے گا، الیکشن کمیشن اپنی شرائط پر ای وی ایم سے متعلق ٹینڈر کرے، دنیا بھر کے مینوفیکچررز آجائیں گے۔

فواد چوہدری نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی آئی ووٹنگ کے خلاف مہم سیاسی خود کشی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ حسن اور حسین نواز کو بھی اپنے پاپا کی پارٹی کو ووٹ ڈالنے کا موقع ملنا چاہیے، بلاول بھٹو زرداری ساری عمر باہر رہے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کی مخالفت سمجھ سے باہر ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہم اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیں گے، لگتا ہے پی ٹی آئی پر ہی اوورسیز پاکستانیوں کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے حکومتی ایم این ایز سے وزیراعظم عمران خان کی ملاقات ہوئی تھی، ہم اسے مضبوط کرنا چاہتے ہیں، اس سلسلے میں اقدامات کیے جائیں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ثانیہ نشتر، عامر ڈوگر اور دیگر پر مشتمل ایک کمیٹی بنائی گئی ہے، کمیٹی تجاویز دے گی کہ پی اے سی کیسے بہتر کام کرے۔

اُن کا کہنا تھا کہ چوہدری سرور نے عمومی بات کی کہ آئی ایم ایف کے پاس کیوں جانا پڑتا ہے، ن لیگ کے ساتھ ذاتی نہیں سیاسی اختلاف ہے، ہمارا اعتراض ہے کہ وہ ہمارے پیسوں پر شادیاں نہ کریں۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ رانا شمیم کا معاملہ عدالت میں ہے،سابق چیف جج گلگت بلتستان کو اب باہرجانے کےلیےعدالت کی اجازت درکارہوگی۔

انہوں نے کہا کہ افغان باشندوں کو پاکستان کی سرزمین سے ہوائی سفر کی اجازت دے دی گئی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ہم ہر چیز کو سبسڈائز نہیں کرسکتے، کراچی، اسلام آباد میں چینی 97 روپے باقی پورے ملک میں 90 روپےمیں دستیاب ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہفتہ وار مہنگائی انڈیکس صفر اعشاریہ 48 فیصد نیچے گیا ہے، راشن پروگرام شروع کررہے ہیں 30 فیصد رعایت دے رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سندھ حکومت نے کچھ اقدامات کئے جس سے قیمتوں میں کچھ بہتری آئی ہے، ملک بھر میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1100 روپے میں مل رہا ہے۔

تازہ ترین