• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
ہالینڈ کی ڈائری۔۔راجہ فاروق حیدر
شہر اقبال سیالکوٹ کے واقعہ پرڈائری تحریر کرتے ہوئے عجیب کیفیت سے دوچار ہوں،ہمت نہیں پڑتی کہ جگہ واردات کی پوری ویڈیو کلپ دیکھ سکوں ،سوچتا ہوں وہ کیسے لوگ تھے ،جنہوں نے اتنی درندگی سے سری لنکن شہری پریانتھا کمار اکو پوسٹر ہٹانے کے جرم میں اذیت دے کر قتل کیا،سیکڑوں لوگ ایک پردیسی مزدور پر ظلم کی انتہا کر رہے تھے،سیالکوٹ واقعہ پر ہر انسان افسردہ ہے،دنیا بھر میں مقیم پاکستانی اِس دلخراش واقعہ پر دُکھی ہیں، اسلام ایک پر امن مذہب ہے اور اسلام تشدد کی ہرگز اجازت نہیں دیتالیکن یہ لوگ کس اسلام کی نمائندگی کر رہے ہیں،یہ کون سا اسلام ہے ،سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا کو زندہ جلانا ہمارے لئے باعث شرم ہے ،اِس المناک واقعہ سے پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی ہوئی ہے ،یہ پہلا واقعہ نہیں کیونکہ پاکستان میں ایک ایسا خاص طبقہ نشونما پا چکا ہے جو سزائیں دینے کے فیصلے اپنے ہاتھ میں لے رہا ہے، اب ہمیں بحیثیت قوم سوچنا ہو گا ۔ دوسری جانب حکومت پاکستان کو اپنی رِٹ مضبوط کرنا ہو گی ،یہ لوگ وطن عزیز میں اِس قدر غلبہ پا چکے ہیں کہ ایک عام شہری بات کرتے ہوئے خوف محسوس کرتا ہے،ناموس کے جھوٹے رکھوالو ،بے جرم ستم کرنے والو ،کیا سیرت النبیﷺجانتے ہو ،کیا دین کو سمجھا ہے تم نے، اس وقت پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتحال پر یورپی یونین اور اِن سے منسلک دیگر تمام اداروں کو گہری تشویش ہے،سچی بات ہے سری لنکن شہری کے ساتھ جو کچھ ہوا اِس نے ہر پاکستانی کا سر شرم سے جھکا دیا ہے جب کہ اِس ظلم کا ہمارے پاس کوئی جواز نہیں ہے، ہم اُس نبی رحمت اللعالمینﷺکے اُمتی ہیں جن پر ایک کافر بوڑھی عورت روزانہ کوڑا پھینکا کرتی تھی، ایک دن اس نے کوڑا نہ پھینکا آپ ﷺ کے پوچھنے پرتو لوگوں نے بتایا کہ وہ بیمار ہے، آپﷺتیمار داری کے لئے اس کے گھر تشریف لے گئے، اس کے گھر کو صاف کیا اورپانی بھرا تو وہ عورت آپﷺ کے اخلاق حسنہ سے متاثر ہوکر مسلمان ہو گئی،تاریخ اسلام میں ایسی بے شمار مثالیں ہیں، رحمت اللعالمینﷺسے محبت کا دعویٰ کر کے ایسے انسانیت سوز واقعات انتہائی شرم کا مقام ہے ،اِن لوگوں نے دنیا بھر میں پاکستانیوں کی ساکھ کو داغدار کیا ہے جب کہ اِن کا جرم قطعاً قابلِ معافی نہیں،اِس وقت حکومت پاکستان کو ایسے عناصر سے سختی سے نمٹنا ہو گاوگرنہ بہت دیر ہو جائے گی،اِس بات میں کوئی مبالغہ نہیں کہ حضور پاکﷺکی محبت کے بغیر کسی مسلمان کا ایمان مکمل نہیں ہوتا، ہالینڈ میں مقیم پاکستانیوں نے بھی اس واقعہ پر گہرے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ مجرموں کو فی الفور گرفتار کر کے عبرتناک سزائیں دی جائیں، پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کے اِس ضمن میں حالیہ بیان اور پریانتھا کمار اکو بچانے کی کوشش کرنے والے پاکستانی عدنان ملک کو تمغہ شجاعت دینے کے اعلان کو سراہا ہے،تاہم حکومت کو ایسے معاملات میں اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھانی ہوں گی، راقم نے اپنے دوست راجہ زیب خاں کے ساتھ ہالینڈ کی پارلیمنٹ کے ممبران کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف یادداشت پیش کرنی ہے ۔اﷲکرے حالیہ سیالکوٹ والا واقعہ زیر بحث نہ آئے۔
تازہ ترین