برسلز (ایجنسیاں)وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان نے فیٹف سے متعلق ایکشن پلان پر بھرپور تعاون کیا‘اب پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنا زیادتی ہے ‘فیٹف میں چھوٹا سا طبقہ اس کی ساکھ متاثر کر رہا ہے‘یورپی یونین اور دیگر ممالک کو اس معاملے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔پاکستان جی ایس پی پلس سے متعلق اقوام متحدہ کے 27 کنونشنز پر مکمل عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے۔افغانستان کو انسانی بحران سے نکالنے کے لیے بین الاقوامی تعاون بہت ضروری ہے‘ سیالکوٹ کا واقعہ انتہائی افسوسناک،جس کا کوئی اخلاقی، انسانی جواز نہیں‘افغانستان میں حالات کشیدہ ہوئے تو اس کے مضمرات دور رس ہوں گے ۔گزشتہ روزبرسلزمیں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف حکام سے گرے لسٹ کے معاملے پر کھل کر بات ہوئی، 3 سال میں پاکستان نے انتظامی اقدامات سے متعلق فیٹف کو آگاہ کیا۔پاکستان نے 2018ء میں دیئے گئے ایکشن پلان پر پوری طرح عمل کیا، فیٹف نے بھی تسلیم کیا کہ پاکستان نے 27 میں سے 26 نکات پر عمل کر لیا۔انہوں نے کہا کہ ایک نکتے پر پاکستان کو غیر ضروری طور پر گرے لسٹ میں رکھا ہوا ہےپاکستان کو مزید گرے لسٹ میں رکھنا یورپی اور دیگر ممالک کے مفاد میں نہیں ہے۔