• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے سرکاری قرضوں میں یومیہ اوسطاً 13.9 ارب روپے کا اضافہ ہوا، اسحاق ڈار

اسلام آباد (صالح ظافر) سابق وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کی جانب سےستمبر 2021 تک 39 ماہ کے دوران سرکاری قرضوں میں یومیہ اوسطاً 13.9 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے جبکہ پی ایم ایل این کے پانچ سال 2013-18 کے دوران سرکاری قرضوں میں 5.8 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔ موجودہ قرض پی ایم ایل این کے یومیہ اوسط کا 240 فیصد ہے۔ قرض پر رپورٹ میں سینیٹر ڈار نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے جون 2018 میں سرکاری قرضہ 25 ٹریلین روپے سے بڑھا کر اس سال ستمبر تک 41.5 ٹریلین روپے کر دیا جو پی ٹی آئی کے 39 ماہ کے دور میں 16.5 ٹریلین روپے کا اضافہ ہے۔ یہ جون 2018 سے ستمبر 2021 تک سرکاری قرضوں میں 66 فیصد اضافے کی نشاندہی کرتا ہے۔ PMLN نے اپنے پانچ سالوں 2013-18 کے دوران سرکاری قرضوں میں 10.7 ٹریلین روپے کا اضافہ کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایم ایل این کے پانچ سالہ دور 2013-18 میں مجموعی قرضوں اور واجبات میں 13,541 ارب روپے کا اضافہ ہوا جو 16,338 ارب روپے سے بڑھ کر 29,879 ارب روپے ہوگیا۔ اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق اسی طرح ستمبر 2021 تک صرف 39 مہینوں میں 20, 605 ارب روپے یا 69 فیصد کے غیر معمولی اضافے کے ساتھ 50,484 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔

تازہ ترین