اسلام آباد ( وقائع نگار)سابق صدر پاکستان اورپاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے انسانی حقوق کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مضبوط جمہوری پارلیمنٹ کی بالا دستی اور آئین کی حکمرانی انسانی حقوق کی ضمانت ہیں۔ ریاستیں شہریوں کو انسانی اور جمہوری حقوق دینے سے مضبوط ہوتی ہیں۔ ریاست کو ماں کی طرح ہونا چاہیے جو اپنے بچوں کو اپنی گود میں سنبھال کر رکھے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی آزادی، مساوی جمہوری حقوق مہذب معاشرے کی بنیاد ہیں۔ کسی شہری کی طرف سے دوسرے شہری پر زبردستی اپنی سوچ مسلط کرنا انسانی حقوق سے انحراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہمیشہ انسانی حقوق کی پاسدار رہی ہے۔ بینظیر بھٹو شہید انسانی حقوق کی علمبردار تھیں۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ گذشتہ 74سال سے مقبوضہ کشمیر کے شہری انسانی حقوق سے محروم رہے۔ انسانی حقوق کے عالمی علمبردار مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھائیں۔