• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مجلس علماء کے زیر اہتمام ”یو م مذمت سانحہ سیالکوٹ کانفرنس“ کا انعقاد

لاہور(خبر نگار)باد شاہی مسجد لاہور میں مجلس علماءپاکستان کے زیر اہتمام تشدد سے پاک معاشرہ،احترام انسانیت اور پیغام پاکستان کا فروغ ”یو م مذمت سانحہ سیالکوٹ کانفرنس“ کا انعقاد کیا گیا، کانفرنس کی صدارت چیئر مین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد خطیب و امام بادشاہی مسجد لاہور نے کی جبکہ مہمانان خصو صی سیکر ٹری اوقاف پنجاب نبیل جاوید، ڈی جی اوقاف پنجاب ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری تھے۔مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ سیالکوٹ سانحہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ علماء اکرام نے جمعہ کو سری لنکن شہری کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف یوم مذمت منایا ۔ جمعہ کے خطبات میں انسانی جان اور اقلیتوں کے تحفظ کو موضوع بنایا گیا۔علماءنے اپنے خطابات میں قانون ناموس رسالت پر روشنی ڈالی اور توہین مذہب کے حوالے سے عوامی شعور اجاگر کیاگیا، قوانین کی موجودگی میں کسی بھی شخص یا گروہ کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت شریعت نہیں دیتی ۔ اجتماعات میں پرتشدد کارروائیوں کے خلاف مذمتی قراردادیں بھی منظور کی گئیں۔ صاحبزادہ حامد رضانے المرکز الااسلامی شاد باغ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام انسانی حقوق کے تحفظ کا سب سے بڑا علمبردار ہے۔ مزید برآں جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر حافظ عبد الغفار روپڑی نے خطبہ جمعہ میں کہا ہے کہ سانحہ سیالکوٹ غیر اسلامی اور غیر انسانی انتہائی شرمناک فعل ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے ،مولانا محمد امجد خان نے کہاکہ اس واقعہ کی عدالتی تحقیقات کرائی جائیں اور خفیہ محرکات کو بے نقاب کیا جا ئے اور ملک میں قانون کی عمل داری کو یقینی بنا یا جا ئے۔
تازہ ترین