• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آصف زرداری کو بہتر الفاظ کا چناؤ کرنا چاہیے تھا، رانا ثناءﷲ


مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثناء ﷲ نے کہا ہے کہ انتخابی جلسوں میں نعروں اور تقریروں میں اونچ نیچ ہو جاتی ہے، آصف زرداری سینئر سیاستدان ہیں انہیں بہتر الفاظ کا چناؤ کرنا چاہیے تھا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء ﷲ نے آصف زرداری کے نواز شریف کے بارے میں دیئے گئے بیان پر ردّ عمل کا اظہار کیا۔

اپنی گفتگو میں انہوں نے  بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمت پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کل تقریباً پانچ روپے فی یونٹ بجلی کی قیمت بڑھائی گئی، اس نااہل اور نالائق ٹولے کو نہ ہٹایا گیا تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈالر کی قیمت 200 تک پہنچ جائے تو ملک کی معیشت کا کیا ہوگا؟ غریب اور تنخواہ دار کس طرح گزارہ کریں گے، یہ نااہل ٹولہ ملک کو تباہی کی طرف لے کر جارہا ہے، عوام باہر نکلیں۔

رانا ثناءﷲ نے یہ بھی کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان صحت مند مقابلہ ہونا چاہیے، پیپلزپارٹی کے پنجاب میں منظم ہونے سے ہمیں کوئی خطرہ نہیں۔

لیگی رہنما کا کہنا ہے کہ جن لوگوں نے اس نااہل حکومت کو مسلط کیا وہ بھی خدا کا خوف کریں، قوم پر رحم کریں، جس طرح اس حکومت کو مسلط کرانے میں مدد کی ہے اب نجات میں عوام کی بھی مدد کریں۔

انہوں نے کہا کہ عوام اپوزیشن کی آواز پر کان دھریں اور حکومت کیخلاف کھڑے ہوجائیں، ووٹ کو عزت دو کے نعرے کا مطلب ہی یہ ہے کہ عوام جسے چاہیں ووٹ دیں۔

تازہ ترین