کوئٹہ میں لڑکیوں کی نازیبا ویڈیو بناکر بلیک میل کرنے کے اسکینڈل میں متاثرہ لڑکیوں کے افغانستان جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ خواتین کی بازیابی کے لیے افغان حکام سے رابطے میں ہیں، ماؤں اور بہنوں کی آبرو سے کھیلنے والے کسی معافی کے مستحق نہیں ہیں۔
دوسری جانب ویڈیو اسکینڈل میں ملوث 2 ملزمان کو مزید 7 روزہ جمسانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا، واقعے کے خلاف کوئٹہ میں سول سوسائٹی اور شہریوں نے احتجاج بھی کیا۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ویڈیو اسکینڈل میں ملوث افراد کو سخت سزا دی جائے۔
احتجاجی مظاہرین نے کہا کہ متاثرہ لڑکیوں کی بحفاظت بازیابی حکومت کی ذمے داری ہے، سائبر کرائم سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز کو فوری ہٹائے۔
واضح رہے کہ وادیٔ کوئٹہ میں گزشتہ روز لڑکیوں کی نازیبا ویڈیوز بنا کر انہیں بلیک میل کرنے کا شرمناک اسکینڈل سامنے آیا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کوئٹہ کے علاقے قائد آباد میں نوکری کا لالچ دے کر لڑکیوں کی نازیبا ویڈیو بنانے اور ان کو اغوا کرنے میں ملوث ہیں۔