• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاید میں یہ تحریر نہ لکھتا اگر واقعہ سیالکوٹ کے بعد بین الاقوامی میڈیا میں بعض جرائد پاکستان کو صرف خطرناک ملک لکھتے خطرناک قوم نہ لکھتے، جیسا کہ ماضی میں معروف میگزین ’’نیوز ویک‘‘ نے اپنی کوور اسٹوری میں یہ الفاظ لکھے کہ The most dangerous nation in the world isn't Iraq it’s Pakistan، اِس قسم کے الفاظ پاکستان کیلئے بطور ایک ریاست اور قوم شدید پریشان کن ہیں کیونکہ یہ تاثر پاکستان کے ہر فرد کو خطرناک ظاہر کرتا ہے اگرچہ یہ مکمل سچ نہیں ہے لیکن اس کے باوجود لمحۂ فکریہ ضرور ہے۔دنیا بھر میں خطرناک ممالک کی چند ماہ پہلے کی فہرست میں بھی پاکستان کا نمبر ہمارے لیے حوصلہ افزا نہیں تھا یعنی 160ممالک کی لسٹ میں نمبر ون افغانستان، شام، جنوبی سوڈان، یمن، عراق، صومالیہ اور کانگو کے بعد پاکستان کا 11واں نمبر تھا، خواتین کے لیے دُنیا کے خطرناک ملکوں کی لسٹ میں پاکستان کا نمبر دوسرا ہے چنانچہ یہ بھی پاکستان کے لیے شرمناک پہلو ہے جبکہ انڈیا خطرناک ملکوں کی لسٹ میں 23ویں نمبر پر آتا ہے حالانکہ مقبوضہ کشمیر، ناگالینڈ اور انڈیا سے آزادی مانگ رہی دیگر علیحدگی پسند ریاستوں کے ساتھ بھارت کا رویہ ساری دنیا کے سامنے ہے۔ یہ بات درست ہے کہ انتہا پسندی صرف مذہبی نہیں ہوتی، انسانی معاشرے میں دیگر کئی رویے بھی انتہا پسندی اور پھر اس سے بڑھ کر دہشت گردی کے زمرے میں آتے ہیں۔ آبادی کے لحاظ سے دنیا کے سب سے بڑے اسلامی ملک انڈونیشیا کو بھی مذہبی انتہا پسندی کا سامنا ہے، شاید اسی لیے ملک میں دیگر اقلیتوں کے مقابلہ میں مسلمان معیشت سمیت دیگر معاملات میں تنزلی و پسماندگی کا شکار ہیں، اس لیے وہ اسلام کی من مانی تشریح کر کے اسے اپنے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرتے ہیں۔ تقریباً چار سال قبل جکارتہ میں مذہبی انتہا پسندی کے سدِباب کیلئے ایک بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد مذہب، سماج اور ثقافت پر تحقیق کرنا تھا، اِس کانفرنس میں یہی طے پایا تھا کہ انڈونیشیا میں اسلام کے حوالے سے بظاہر جو مسائل نظر آتے ہیں ان میں اولین سیاسی مقاصد کیلئے مذہب کا استعمال، مختلف عقائد رکھنے والوں کے بارے میں عدم برداشت، مذہب کی غلط تشریح اور اقلیتی مسلکی گروہوں سے نفرت سب سے واضح وجوہات ہیں۔ سوچنا یہ ہے کہ کیا انڈونیشیا کی طرح پاکستان میں بھی ایسی ہی وجوہ نہیں ہیں جو معاشرتی ’بگاڑ‘، عدم برداشت اورسیالکوٹ جیسے واقعات کی بنیادی وجہ بنتی ہیں؟

آج پاکستان کا حکمران و سیاسی طبقہ رواداری اور برداشت کی بجائے انتقام اور سوقیانہ جملے بازی میں مصروفِ عمل ہے اور معاشرے میں بنیاد پرستی عروج پر ہے۔ اِس قسم کے حالات میں وزیراعظم کا حالیہ بیان اگرچہ قابلِ تحسین ہے لیکن وہ پہلےاپنے وزرا پرویز خٹک اور سینیٹر اعجاز چودھری کے رویوں پر تو غور کریں۔ پاکستانی معاشرے کو انتہا پسندی، عدم برداشت، غصہ، نفرت اور تعصب کے رویوں کو ختم کرنے اور رواداری کو فروغ دینے کی اشد اور فوری ضرورت ہے کیونکہ سماجی، اخلاقی اور سیاسی عدم استحکام و تعصب کی بیماریوں نے بحیثیت مجموعی معاشرے کو پوری طرح جکڑ رکھا ہے۔ اس وقت ہمیں ایک ایسے معاشرے کی ضرورت ہے جو مہذب بھی ہو اور ذمہ دار بھی کیونکہ روزانہ کی بنیاد پر ہمیں جس قسم کے حالات سے گزرنا پڑ رہا ہے۔ وہ پُرتشدد، انتہا پسند اور خطرناک ہونے کی نشاندہی کرتے ہیں جو بین الاقوامی سطح پر بطور ایک ملک یا ریاست ہی نہیں بطور ایک فرد بھی ہمیں انتہا پسند اور خطرناک ثابت کر کے روادار اور مہذب دنیا سے علیحدہ کر رہا ہے۔ ماضی قریب میں اقلیتوں سمیت ذرا سابھی اختلاف رائے رکھنے والے افراد کے ساتھ پاکستان میں ایسے واقعات ہوئے ہیں جو ان کی موت پر منتج ہوئے، چنانچہ ان معاملات کے ہوتے ہوئے کیا ہم عالمی سطح پر اپنے دفاع میں کچھ کہہ سکتے ہیں؟

سیالکوٹ میں سری لنکا کے شہری کا بہیمانہ قتل اور پھر اس کی ڈیڈ باڈی کی بےحرمتی، کیا یہ کسی مہذب معاشرے کی تصویر ہو سکتی ہے؟ بہت سے عاقبت نا اندیش لوگ اس کی توجیہ ماضی بعید اور ماضی قریب کی جنگوں کی مثالوں سے بیان کرنے کی کوشش کرتے ہیں کہ امریکہ یا کسی دوسرے ملک نے فلاں کام کیا، جو کہ ایک بےسود اور بچگانہ دلیل ہے، عالمی جنگوں اور معاشرتی رویوں کی وجوہات و دلائل میں زمین آسمان کا فرق ہوتا ہے۔ بیرونی دنیا اور پاکستان کے اندر صاحبِ فہم و فراست لوگ کیا یہ نہیں جانتے کہ اپنے اپنے مفادات کیلئے، سیاسی دکانیں چمکانے کیلئے کون کون کن کن انتہاپسند گروہوں کو مضبوط کرتا ہے اور پھر یہی ’مضبوطی‘ ایک دن بےقابو ہو کر ریاست کو آنکھیں دکھانے کا سبب بنتی ہے لیکن حیرت ہے کہ جب ایسے ریاستی حمایت یافتہ گروہ بےقابو ہو کرسرعام قتلِ عام کرتے ہیں تو حکومتی نمائندے کہنے لگتے ہیں کہ حکومت اس قسم کی لاقانونیت کی اجازت نہیں دے گی یا ’اسلام‘ اس قسم کی انتہا پسندی و دہشت گردی کی اجازت نہیں دیتا، یہ بات درست ہے کہ دین بےوجہ کسی کی جان لینے سے روکتا ہے تو پھر ریاست سے سوال ہے کہ جب مذکورہ گروہ جان لینے و دینے جیسے انتہا پسندانہ نعرے سرعام لگا رہے ہوتے ہیں تو اس وقت انہیں بڑھاوا دینے کی بجائے ریاست ایسے لوگوں کا محاسبہ کیوں نہیں کرتی؟

سری لنکا کے شہری پریانتھا کمارا کے قتل سے جہاں پوری پاکستانی قوم شرمندہ ہے وہیں تارکینِ وطن پاکستانی بھی سری لنکن سمیت دیگر اقوام کا سامنا نہیں کر سکتے۔ حکومت پاکستان جہاں پریانتھا کو بےقابو ہجوم سے بچانے کی کوشش کرنے والے عدنان ملک کیلئے اعزاز کا اعلان کر رہی ہے وہاں اسے مقتول پریانتھا کمارا کے بیوی بچوں کیلئے بھی چند کروڑ روپے امداد کا اعلان کرنا چاہیے تھا لیکن کسی کو یہ توفیق نہیں ہوئی! سعادت حسن منٹو نے شاید ایسے ہی انتہا پسندانہ ماحول پر کہا تھا ’’شیطان اتنا بڑا گستاخ تھا کہ سیدھا خدا کو کہہ دیا، میں نہیں کرتا سجدہ اور مردود ہو گیا لیکن خدا اتنا بڑا سیکولر ہے کہ اس نے اختلافِ رائے پر شیطان کو مارا نہیں بلکہ اسے مہلت دی کہ اپنے نظریے پر لوگوں کو قائل کر سکتا ہے تو کر لے‘‘۔ لیکن یہ خدا کے ماننے والے پتا نہیں کس مٹی کے بنے ہیں!

تازہ ترین