• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور اور صوابی میں چوری، ڈکیتی اور رہزنی کی وارداتیں، شہری لٹ گئے

پشاور، صوابی ( کرائم رپورٹر ، نمائندہ جنگ ) پشاور اور صوابی میں ڈکیتی ،رہزنی اور چوری کی وارداتوں میں شہری لٹ گئے ۔کپڑے کے تاجر اجمل خان سکنہ ورسک روڈ نے تھانہ مچنی گیٹ پولیس کو بتایاکہ گزشتہ شب وہ اپنے گھر میں موجود تھا اس دوران 3نقاب پوش ڈاکو اندر گھس آئے ،اسلحہ کی نوک پر اہل خانہ کویرغمال بنا کر کمرے سے 7تولے سونا ٗنائن ایم ایم پستول اورموبائل فون جبکہ اس کے بھائی صمد خان کے کمرے سے موبائل فون اور اس کے تیسرے بھائی جاوید کے کمرے سے چھ تولے سونا ٗہزاروں کی نقدی اور موبائل فون سیٹ چھین کر فرار ہو گئے ،ادھر مسکین خان سکنہ آبشار کالونی نے شرقی پولیس کو بتایاکہ گزشتہ روز موٹرسائیکل سوار مسلح رہزنوں نے گھر کے قریب اسلحہ کی نوک پر موبائل فون سیٹ اور 50ہزارروپے چھین لیا جبکہ محمد وصال سکنہ تہکال بالا گزشتہ روز حیات آباد میں اپنے دوست نے ملنے کے لئے گیا جہاں اس نے اپنی ایکس ایل آئی موٹرکار نمبر ایل ای ایچ 3327مسجد کے سامنے کھڑی کی اور نماز پڑھنے کے لئے اندر گیا واپس آیا تو گاڑی غائب تھی ۔ دریں اثنا ءموضع شیخ جانہ میں نامعلوم افراد نے گھر میں داخل ہو کر لاکھوں روپے نقدی ، سعودی ریال اور زیورات چوری کر کے فرار ہو گئے ۔زوجہ فقیر سید سکنہ شیخ جانہ نے تھانہ کالوخان میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ نامعلوم ملزمان نے ان کے گھر کے گیٹ اور کمرے کے تالے توڑ کر داخل ہو گئے اور الماری میں موجود مبلغ 2لاکھ 30ہزار روپے پاکستانی ، دو ہزار سعودی ریال ، تین تولے زیورات اور ایک عدد پستول چوری کر کے فرار ہو گئے۔ دریں اثناء گدون انڈسٹریل اسٹیٹ میں نامعلوم افراد نے عبدالخالق سکنہ سرائے صالح ہری پور کے کوارٹر کے کمرے کا شیشہ توڑ کر وہاں سے 65ہزار روپے نقد چوری کرنے کے علاوہ کمرے میں موجود چار عدد فوم ، سٹیبلائزر ، ایل سی ڈی اور دیگر سامان کی توڑ پھوڑ کرکے نقصان پہنچایا گدون پولیس نے ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔
تازہ ترین