• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فواد چوہدری کا رواں ہفتے بلوچستان پیکیج لانے کا اعلان


وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے رواں ہفتے بلوچستان پیکیج لانے کا اعلان کردیا۔

وزیر مملکت فرخ حبیب کے ہمراہ میڈیا بریفنگ میں فواد چوہدری نے کہا کہ گوادر کے عوام کے بنیادی مسائل ماضی کی حکومتوں نے حل نہیں کیے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان کے عوام کے مسائل ضرور حل کرے گی، رواں ہفتے بلوچستان پیکیج لارہے ہیں۔

فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بلوچستان کے ماہی گیروں کے مطالبات کانوٹس لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت سے بات کی ہے، وہ بھی غیر قانونی ماہی گیری کا نوٹس لے رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کے ساتھ ساتھ پی پی پی اور ن لیگ کے فنڈنگ کی تفصیلات بھی سامنے لائے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم الیکشن کمیشن کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں، الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی سمیت تمام جماعتوں کی فنڈنگ کی تفصیلات اوپن ہونی چاہیے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں فارن فنڈنگ کے مقدمات پر مناسب پیشرفت نہیں ہو رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی اور ن لیگ فنڈنگ کی چھان بین پہلے کرلے، دوسری سیاسی جماعتوں کی فنڈنگ کو بھی الیکشن کمیشن دیکھے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایف 7 تھری اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے نام پر ایک گھر ہے، ن لیگ پنجاب کے دفتر کا 2013 سے 2015 تک آڈٹ ہی نہیں ہوا ہے جبکہ کے پی ڈویژن میں سابق حکمران جماعت کا کبھی آڈٹ ہی نہیں ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹی ایل پی کی فنڈنگ کا کچھ پتا نہیں کہاں سے آئی ہے، جے یو آئی کی فنڈنگ کے بارے میں بہت اعتراض رہا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ خوشی ہے پنجاب حکومت نے ایک اچھا بلدیاتی نظام بنایا ہے، پنجاب میں پہلی بار ضلع کا میئر براہِ راست منتخب ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن سو فیصد ووٹنگ مشین پر ہوسکتے ہیں، ووٹنگ مشین 2 ماہ میں دستیاب ہوسکتی ہیں، الیکشن کمیشن سنجیدگی سے آگے بڑھے۔

تازہ ترین