اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان سے استعفی دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب کو عوام کی کوئی فکر نہیں جن کے پاس روٹی کھانے اور بل دینے کے پیسے نہیں، ڈالر 180 پر پہنچ گیا لیکن ایف آئی اے کو ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ شہبازشریف کو گرفتار کیاجائے،شہباز شریف کو جیل میں ڈالنے کی تین سال میں تیسری کوشش ہورہی ہے۔
نیب نیازی گٹھ جوڑ عدالتوں میں فیل ہوچکا ہے، سب کچھ کھنگالنے کے باوجود ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی، پاکستان اور غیرملکی عدالتوں نے گواہی دی کہ ایک روپے کی کرپشن، کک بیک یا کمیشن، منی لانڈرنگ اور اختیارات کا غلط استعمال نہیں ہوا ۔
نیب نیازی گٹھ جوڑ کی ناکامی، اور بشیر میمن کے ذریعے جو انتقام نہ لیاجاسکا، اب ایف آئی اے کے ذریعے اُن مقدمات کے ذریعے لینے کی کوشش ہورہی ہے، جن کی تحقیقات پہلے ہی نیب نیازی گٹھ جوڑ کرچکا ہے، جس میں سے کچھ بھی نہ ملا بلکہ عدالتوں سے نیب نے اپنی درخواستیں واپس لیں اور فرار ہوگیا۔عمران صاحب اب ان تماشوں کو بند ہونا چاہیے۔
اتوارکوپارٹی راہنما بلال کیانی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ رنگ روڈ، بی آر ٹی ، آٹا چینی بجلی گیس دوائی چوری کا کوئی احتساب نہیں ہوا ، حالانکہ تمام فیصلے عمران صاحب نے خود کئے۔
لیکن جب چوری ہو تو صرف کمیشن بنا دو اور معاملہ دبا دو، موجودہ دور حکومت میں عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے، لوگوں کے پاس بجلی گیس تعلیم اور دوائی کے بل ادا کرنے کے لئے پیسے نہیں ، پاکستان کی عوام کو بتانا بہت اہم ہے، میڈیا پریس کانفرنس کے اہم پوائنٹس عوام تک ضرور پہنچائیں، عمران خان صاحب پچھلے تین سال سے عوام سے بدلہ لے رہے ہیں ۔