لاہور (نمائندہ جنگ) ایف آئی اے نے شہباز شریف ، حمزہ شہباز اور دیگر کے خلاف 16 ارب منی لانڈرنگ کا چالان عدالت میں جمع کرا دیا ہے۔ ایف آئی اے نے چالان بینکنگ جرائم کورٹ میں جمع کرایا جس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو مرکزی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ایف آئی اے کا چالان سات والیمز پر مشتمل ہے،جس کے چار ہزار صفحے اوراس میں 100 گواہوں کی لسٹ بھی جمع کرا دی ہے، یہ گواہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف عدالت میں گواہی دیں گے، دوران سماعت حمزہ شہباز کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور،سماعت 20دسمبر تک ملتوی کردی گئی جبکہ پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا ہے کہ مہنگائی کی موجودہ لہر نے ہر گھر کو تباہ حال کر دیا ہے، لوگ آسمان کی طرف ہاتھ اٹھا، اٹھا کر انہیں بددعائیں دے رہے ہیں۔ایک وقت کی روٹی کو ترس گئی ہے عوام، ادویا ت کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ پوری قوم ایسی صورتحال میں ہے جس سے خوف آتا ہےقبل ازیں چالان میں شہباز شریف فیملی کے بے نامی داروں اور سہولت کاروں کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے، سلمان شہباز سمیت تین ملزمان اس مقدمے میں اشتہاری ہو چکے ہیں۔