اسلام آباد (نمائندہ جنگ) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ متعدد ممالک کی جانب سے او آئی سی وزرائےخارجہ کانفرنس میں شرکت کی یقین دہانی کرا دی گئی ہے۔ افغان طالبان کی حکومت کو تسلیم کرنے کا معاملہ کانفرنس کا مرکزی نکتہ نہیں ہے، بلکہ ہماری ترجیح افغانستان کے لئے امداد کا حصول ہے۔ تاہم رکن ممالک کو افغان حکومت کو تسلیم کرنے کے بارے میں بات کرنے کا موقع ضرور میسر آسکتا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے تمام رکن ممالک کے علاوہ اقوام متحدہ اور پی فائیو ممالک کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔