• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب میں برقی کاروں کی رجسٹریشن پر 95 فیصد ٹیکس معاف


پنجاب کابینہ نے برقی کاروں کی رجسٹریشن پر 95 فیصد ٹیکس معاف کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے الیکٹرک کاروں کی رجسٹریشن پر 95 فیصد ٹیکس معاف کرنے کی منظوری دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکٹرک کاریں صرف 5 فیصد ٹیکس ادا کرکے رجسٹرڈ ہوسکیں گی، پنجاب میں رجسٹرڈ گاڑیاں اب صرف پنجاب میں ہی ٹوکن ٹیکس ادا کریں گی۔

حسان خاور نے مزید کہا کہ صوبائی کابینہ نے گندم کے اجراء کی پالیسی کی منظوری بھی دی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات میں پہلی دفعہ براہ راست الیکشن کروانے جا رہے ہیں، بلدیاتی قانون اتحادیوں سے مکمل مشاورت کے بعد بنایا گیا۔

ترجمان پنجاب حکومت نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی پی والے پنجاب کے بلدیاتی قانون سے سیکھیں اور کاپی پیسٹ کرنا چاہتے ہیں تو کرلیں۔

انہوں نے کہا کہ اسموگ کے خاتمے کے لیے اقدامات کررہے ہیں، جس سے آنے والی نسلوں کو فائدہ ہوگا، پنجاب میں آلودگی کے خاتمے کے لیے میکاواکی جنگل لگائے جارہے ہیں۔

حسان خاور نے یہ بھی کہا کہ پنجاب میں یونیورسل ہیلتھ پروگرام جنوری سے شروع کیا جائے گا، جس پر 3 سال میں 400 ارب روپے خرچ ہوں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے لئے کابینہ نے ڈیزائن کی منظوری دے دی، صوبے کے ہر شہری کو 10 لاکھ روپے کے علاج کی سہولت دی جائے گی۔

ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ پنجاب کابینہ نے سرمایہ کاری کے لئے نئی پالیسی کی منظوری دی ہے، لو رسک منصوبوں کو بہت جلد جبکہ ہائی رسک انڈسٹری کو 15 دن میں این او سی دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بورڈ آف ریونیو کے رولز میں ترامیم کی منظوری دی گئی ہے، پنجاب سیڈ کارپوریشن 1976 کے ایکٹ میں ترمیم کی جائے گی۔

حسان خاور نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے لئے گاڑیوں کے نمبروں کی سیریز الاٹ کی جائے گی، پرائس کنٹرول ایکٹ 2021 کے مسودے اور لاہور میں 34 کنال پر خواتین کا کالج بنانے کی منظوری دی گئی ہے۔

تازہ ترین