• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان، سرکاری افسروں کی مراعات، نجی شعبے اور اقوام متحدہ اہلکاروں سے زیادہ

کراچی(مانیٹرنگ نیوز)سرکاری تھِنک ٹینک نےاقوام متحدہ کے ادارے کے ساتھ مل کر کی گئی ایک تحقیق میں سرکاری افسران کی تنخواہوں اور مراعات کے بارے میں حیرت انگیز انکشافات کئے ہیں جس کے مطابق پاکستان ، سرکاری افسروں کی مراعات، نجی شعبےاور اقوام متحدہ اہلکاروں سے زیادہ ہیں،گریڈ 20 کے افسر کی اوسط بنیادی تنخواہ ایک لاکھ 660 روپے مگر مراعات اور فائدے ماہانہ 7لاکھ 29 ہزار 511 روپے کے برابر ہیں، سب کچھ سیلری سلپ پر نہیں لکھا ہوتا ، کئی گنا زیادہ مالیت کی مراعات غیر محسوس طریقے سے سرکاری افسران تک پہنچتی ہیں۔

غیرملکی میڈیا کودستیاب پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس (پائیڈ) کی نئی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق عام تاثر کے برعکس پاکستان میں سرکاری افسران کی تنخواہیں اگر مراعات سمیت شمار کی جائیں تو نہ صرف پرائیویٹ سیکٹر سے بھی زیادہ ہیں بلکہ گریڈ 21 کے پاکستانی افسر پر کل خرچ ہونے والی رقم اقوام متحدہ کے افسران پر خرچ ہونے والی رقم سے بھی 12 فیصد زیادہ ہے.

یاد رہے کہ اقوام متحدہ کو عام طور پر ایک بہت فیاضانہ تنخواہ والا ادارہ گردانا جاتا ہے، پائیڈ نے یہ تحقیق اقوام متحدہ کے ادارے یو این ڈی پی کے اشتراک سے کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق سب کچھ سیلری سلپ پر نہیں لکھا ہوتا بلکہ اس سے کئی گنا زیادہ مالیت کی مراعات غیر محسوس طریقے سے سرکاری افسران تک پہنچتی ہیں اس لیے بہتر ہے کہ سرکاری افسران کو تمام مراعات کیش کی شکل میں دی جائیں،اسی طرح ورلڈ بینک کے ورلڈ بیوروکریسی انڈیکیٹر کے مطابق پاکستان میں سرکاری شعبے میں تنخواہیں پرائیویٹ شعبے سے 53 فیصد زیادہ ہیں۔ 

پائیڈ کی تحقیق کے مطابق گریڈ 20 کے پاکستانی افسر کی اوسط بنیادی تنخواہ تو صرف ایک لاکھ 660 روپے ہے مگر اصل میں اسے حاصل مراعات اور فائدے ماہانہ سات لاکھ 29 ہزار 511 روپے کے برابر ہیں۔

گریڈ 20 کے افسر کو دی گئی کار کے تمام اخراجات، گھر اور طبی سہولیات کا تخمینہ لگایا جائے تو وہ اس کی بنیادی تنخواہ سے بھی7گنا زیادہ بڑھ جاتی ہے۔اسی طرح سرکاری تحقیق کے مطابق گریڈ 21 کے پاکستانی افسر کی اوسط بنیادی تنخواہ ایک لاکھ 11ہزار 720 روپے ہے تاہم ان کی کار، گھر اور طبی اخراجات کے ساتھ ان کو ملنے والے مالی فوائد ماہانہ تقریبا 10 لاکھ روپے تک پہنچ جاتے ہیں، گویا ان کی اصل تنخواہ بنیادی تنخواہ سے گیارہ گنا زائد ہوتی ہے۔

اس طرح گریڈ 22 کے ایک سرکاری افسر کی اوسط بنیادی تنخواہ تو صرف ایک لاکھ 23 ہزار 470 روپے ہوتی ہے مگر اسے دراصل 11 لاکھ روپے کے مالی فوائد ہر ماہ دستیاب ہوتے ہیں۔

تازہ ترین