پشاور(وقائع نگار)خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے پشاور کے علاقے ٹاون ٹو میں کاروائی کرتے ہوئے مصالحہ جات تیار کرنے والی مختلف فیکٹریوں پر چھاپے مارے جس کے دوران ہزاروں کلو مضر صحت مصالحہ جات برآمد کیا گیا۔ مصالحہ جات میں مضر صحت رنگوں کا استعمال کیا جا رہا تھا،دو فیکٹریاں سیل کردی گئی، کاروائی ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کی ہدایت پر کی گئی، جس کے دوران دونوں فیکٹریوں سے مضر صحت مصالحہ جات برآمد کئے گئے، جنہیں شہر کے مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جاتا تھا۔ ضلع خیبر کے علاقے جمرود میں فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے بڑی کاروائی کرتے ہوئے 4 ہزار کلو سے زائد ممنوع چائنہ سالٹ برآمد کیا۔ صوبے میں چائنہ سالٹ کی خرید و فروخت پر مکمل پابندی عائد ہے، کاروائی میں چائنہ سالٹ ضبط کرلیا گیا۔ ڈی جی فوڈ سیفٹی اتھارٹی کا کہنا تھا کہ صحت عامہ کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائیگی۔ انہوں نے فیلڈ ٹیمز کو صوبے بھر میں ملاوٹ مافیا کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ مزید تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ خوراک میں ملاوٹ اور غیر معیاری اشیاء کرنے والوں کو نشان عبرت بنایا جائیگا۔