کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پی ایس ایل طرز پر ہاکی لیگ میں بھارتی کھلاڑیوں کو بھی مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔حکام پاکستان ہاکی لیگ کے پہلے ایڈیشن کے لئے بلیو پرنٹ تیار کیا جارہا ہے۔منتظمین کا دعوی ہے کہ بھارتی کھلاڑیوں اورآفیشلز نے پی ایچ ایل میں شرکت کی رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ہر ٹیم میں پانچ،پانچ غیر ملکی کھلاڑی شامل کرنے کی تجویز ہے۔آسٹریلیا کے مشہورکھلاڑی جمی ڈائر کو بھی ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے ضامندکرلیا گیاہے۔اکتوبر میں لیگ کے پہلے ایڈیشن کے مقابلے لاہور، فیصل آباد اور گوجرہ میں کرانے پر غور شروع کردیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف حکام نے گزشتہ ماہ ملائیشیا میں ہونیوالے اذلان شاہ کپ کے دوران بھارتی کھلاڑیوں کو لیگ میں کھیلنے کی دعوت دی تھی جو انہوں نے قبول کرلی ہے۔یہ ٹورنامنٹ ایسے وقت میں کرانے کی بات ہورہی ہے جب غیر ملکی ٹیمیں پاکستان آنے سے گریز کررہی ہیں۔پاکستان ہاکی فیڈریشنز نے ٹورنامنٹ کے انعقاد کو ممکن بنانے کے لئے مارکیٹنگ سے تعلق رکھنے والے ان ماہرین کو ٹاسک دیا ہے جو پاکستان سپر لیگ ٹی ٹوئینٹی کے منصوبے پر کام کرچکے ہیں۔