• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جسمانی صحت برقرار رکھنے والے کھیل

دنیا بھر میں لوگ صحت مند رہنے کے لیے یوگا، مراقبہ، چہل قدمی، مائنڈفل نیس یا صحت بخش خوراک، جوسز اور اسموتھیز وغیرہ پر توجہ دیتے ہیں۔ تاہم، آپ کے لیے یہ جاننا بھی خاصا اہم ہے کہ صحت مند زندگی کے لیے دیگر چیزوں کے ساتھ ساتھ کھیل بھی نہایت ضروری ہیں۔ یہ نہ صرف تفریح بلکہ جسم کو ذہنی و جسمانی طور پر چاق چوبند اور صحت مند بنانے کا ذریعہ بھی ہیں۔ ایک مشہور مقولہ ہے کہ ’’جس ملک میں کھیل کے میدان آباد ہوں گے، وہاں کے اسپتال ویران اور جس ملک میں کھیل کے میدان ویران ہوں گے تووہاں کے اسپتال آباد ہوں گے‘‘۔

چھوٹے بچوں کے ساتھ ساتھ بڑی جماعت کے بچوں کے لیے بھی کھیلوں کی سرگرمیاں نہایت اہمیت کی حامل ہیں ۔ان کھیلوں میں جوڈو ، فٹ بال، ہاکی، کرکٹ، باسکٹ بال، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس اور ایتھلیٹکس وغیرہ شامل ہیں۔ ان کھیلوں کا انعقاد بچوں کی شخصیت کو ہم آہنگی کے ساتھ پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ 

کھیل کھیلنے سے مراد یہ نہیں کہ دن کا بیشتر حصہ کمرے میں بیٹھ کر ویڈیو گیم کھیلا جائے۔ جسمانی طور پر صحت مند رکھنے والے مفید کھیلوں میں ایسے انڈور اور آؤٹ ڈور گیم شامل ہیں، جو انسانی نشوونما کے لیے ضروری ہیں۔ یہ کھیل دماغی صلاحیت میں اضافے اور ذہنی قابلیت بڑھانے کا سبب بھی بنتے ہیں۔ اسی لیے کہا جاتا ہے کہ اسکول کی سطح پر کھیلوں کا باقاعدہ انعقاد مثبت نتائج کا ضامن ہے۔ ذیل میں کچھ ایسے ہی مفید کھیلوں کا ذکر کیا جارہا ہے۔

بیڈ منٹن

بیڈمنٹن بچوں اور بڑوں سب کا پسندیدہ کھیل ہے۔ موسم سرما آتے ہی گلی محلوں میں یہ کھیل خوب کھیلا جاتا ہے۔ یہ ایسا کھیل ہے جو نہ صرف آپ کے لیے تفریح کا سامان مہیا کرتا ہے بلکہ اسے کھیلنے سے جسمانی اور ذہنی صحت بہتر بنانے میں بھی مدد ملتی ہے۔ بیڈمنٹن کھیلنے کے فوائد کی بات کریں تو وہ کچھ یوں ہیں ۔

٭ یہ کھیل بہت زیادہ توانائی مانگتا ہے اور اسے کھیلنے کے دوران آپ مسلسل متحرک رہتے ہیں۔ اگر آپ روزانہ ایک گھنٹہ بیڈمنٹن کھیلیں تو 480کیلوریز جلانے میں مدد ملتی ہے جو کہ دیگر کھیلوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ کھیل وزن کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

٭ اس کھیل کے دوران جسم کے تمام پٹھے (مسلز) حرکت میں رہتے ہیں، بالخصوص یہ ٹانگوں کے لیے بھرپور ورزش ثابت ہوتا ہے ۔

٭ بیڈمنٹن کھیلنے میں آپ کی توجہ مخالف کھلاڑی کی حرکات وسکنات اور شٹل کاک پر ہوتی ہے، جس کی وجہ سے توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت بھی بڑھ جاتی ہے۔

٭ کولیسٹرول کی بڑھتی سطح ،خون کی وریدوـں کا سائز کم کردیتی ہے جس کے باعث ہارٹ اٹیک اور اسٹروکس کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ بیڈمنٹن کھیلنے کے دوران، خون کی روانی بہتر رہتی ہے۔ یہی وجہ ہےکہ یہ کھیل دل کے امراض میں مبتلا مریضوں کے لیے بھی مفید تصور کیا جاتا ہے لیکن اس حوالے سے طبی معالج سے مشورہ لازمی کرنا چاہیے۔

تیراکی

عالمی سطح پر کھیلے جانے والے بہترین اور صحت مند کھیلوں میں سے ایک کھیل تیراکی (سوئمنگ) بھی ہے۔ اس کھیل کے دوران انسان کے جسم کا ہر حصہ مکمل طور پر متحرک رہتا ہے۔ اس کے دیگر فوائد ذیل میں درج ہیں ۔

٭ تیراکی کا ایک خاص فائدہ وزن میں کمی کی صورت حاصل ہوتا ہے۔ اگر تیراکی کے لیے صحیح طریقہ اپنایا جائے تو یہ بات ثابت شدہ ہے کہ بریسٹ اسٹروک سے 60کیلوریز ، بیک اسٹروک کے ذریعے 80، فری اسٹائل 100 اور بٹرفلائے اسٹروک سے 150 کیلوریز بآسانی کم کی جاسکتی ہیں ۔

٭ تیراکی ڈپریشن اور انزائٹی میں مبتلا مریضوں کے لیے بھی ایک بہترین ورزش ہے۔ سائنسی تحقیقات سے ثابت شدہ ہے کہ افسردگی اور پریشانی کے عالم میں تیراکی کرنے سے موڈ پر بہتر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

٭ تیراکی کاایک فائدہ ٹانگوں کی صحت کی بہتری بھی ہے۔ تیراکی میں ٹانگوں کا زیادہ سے زیادہ استعمال ان کی صحت اور ہڈیوں کی مضبوطی کے لیے بہترین ثابت ہوتا ہے۔

فٹبال

دنیا بھر میں یہ سب سے مقبول کھیل ہے اور اس کا جادو سر چڑھ کر بولتا ہے۔ یہ کھیل کھیلنے کے بھی بےشمار فوائد ہیں جن کا ذکر ذیل میں کیا جارہا ہے۔

٭ فٹبال کو دل کی صحت بہتر بنانے اور بلڈ پریشر کی سطح میں کمی لانے کے لیے بہترین کھیل قرار دیا جاتا ہے۔ اس گیم میں دوڑ بھاگ، اچھل کود اور فوری طور پر رُخ بدلنے کی ضرورت ہوتی ہے جس کے باعث یہ کھیل دل کی صحت کے لیے بہترین ورزش ہے۔

٭ یہ کھیل کھیلنے سے جسم کی اضافی چربی زائل ہوجاتی ہے۔ دوسری جانب مجموعی طور پر پٹھوں کی قوت میں اضافہ اور صحت مند عادتوں کو برقرا ر رکھنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

٭ اس کھیل کے ذریعے کسی کامیابی کو حاصل کرنے کے لیے ٹیم ورک جیسی خصوصیا ت بھی پروان چڑھائی جاسکتی ہیں۔ سماجی طور پر بھی یہ کھیل بھائی چارے کے فروغ، مشکل وقت میں ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی اورمصیبت میں اکٹھے ہونے کا سبق سکھاتا ہے۔

سائیکلنگ

انسان کی ذہنی نشوونما اور جسمانی صحت کے لیے سائیکلنگ مفید ثابت ہوتی ہے۔ یہ بھی دیگر کھیلوں کی طرح صحت مند زندگی گزارنے کے لیے ضروری ہے۔ اس کے فوائد کا ذکر ذیل میں کیا جارہا ہے۔٭ سائیکلنگ کے ذریعے دل، خون کی نالیاں اور پھیپھڑے سب حرکت کرتے ہیں۔ سائیکلنگ میں کچھ وقت کے بعد سانس گہرا ہوتا ہے اور جسم میں حرارت پیدا ہوتی ہے، یوں یہ عمل صحت کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے ۔٭ سائنسی تحقیق کے مطابق ایک گھنٹہ مسلسل سائیکل چلانے سے 300کے قریب کیلوریز زائل ہوتی ہیں ۔

نوجوان اس ملک کا سرمایہ ہیں، انھیں مختلف کھیلوںکی سرگرمیوں میں مصروف رکھا جاسکتا ہے۔ ان کے درمیان مقابلہ کی فضا پیدا کرکے ان کی طاقت کا صحیح استعمال کیا جاسکتا ہے۔ حالیہ تحقیق کےمطابق جسمانی ورزش سے بڑوں کی طرح، بچوں میں بھی سیکھنے اور سمجھنے کی صلاحیت بہتر ہوتی ہے۔ ورزش سے انسان کے دل اوردماغ کی شریانوں کی صحت بہتر ہوتی ہےاور یہ عمل انسان کی سیکھنے، سمجھنے اور یاد رکھنےکی ذہنی صلاحیتیں بہترکرنے کا سبب بنتا ہے۔

تازہ ترین