وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ لاہور کے ساتھ نیا شہر بسانے کی ضرورت ماحولیاتی آلودگی کے باعث پیش آئی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران شہباز گل نے کہا کہ دریاؤں میں بھارت سے زہریلا پانی آ رہا ہے، جسے صاف کرکے راوی کنارے بسنے والے شہر کو دیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ خالد عبدالعزیز کی سعودی کمپنی پاکستان میں سرمایہ کاری کےساتھ ایک ہزار 900 اپارٹمنٹس، 6 اسکول اور ایک بڑا اسپتال بھی بنائے گی۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ یہ حکومت ایسے منصوبے نہیں لارہی جن میں شہباز گل کوئی کک بیکس لیں، یہ منصوبے سعودی کمپنی بنائے گئے، جو بعد ازاں حکومت پاکستان کی ملکیت بن جائیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ لاہور میں نیا شہر بسانے کی ضرورت ماحولیاتی آلودگی کے باعث پیش آئی، صوبائی دارالحکومت کنکریٹ کا بے ہنگم جنگل بن رہا تھا۔
شہباز گل نے کہا کہ 5 ہزار ایکڑ پر انڈسٹریل زون بغیر کسی منصوبہ بندی کے بنا، کسی نے نہیں پوچھا، 1800 انڈسٹریز کو آن بورڈ لیا ہے کہ اسے جدید بنیادوں پر استوار کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ہمارا دوست ملک ہے وہ ہمیں ہر سطح پر سپورٹ کر رہا ہے، خالد عبدالعزیز اپنی کمپنی کے ہمراہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے آئے ہیں۔