• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم کے مزید 3 کھلاڑی 2 سپورٹ اسٹاف کورونا میں مبتلا

کراچی(عبدالماجدبھٹی)پاکستان کا دورہ کرنے والی ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم کے مزید تین کھلاڑی اور دو سپورٹ اسٹاف کے اراکین کورونا میں مبتلا ہوگئے ہیں اور جمعرات کو نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل سے قبل کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد پی سی بی میں ہل چل مچ گئی ہے۔

میچ خطرات سے دوچار ہوسکتا ہے اور ہفتے سے شروع ہونے والی تین ون ڈے انٹر نیشنل کی سیریز پر بھی خطرات کے سائے منڈلا رہے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ اس بارے میں مکمل خاموش ہے اور ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم ترجمان بھی ردعمل دینے سے گریز کررہا ہے۔لیکن پی سی بی کا دعویٰ ہے کہ میچ شیڈول کے مطابق ہوگا۔

ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ بدھ کی صبح روٹین ٹیسٹنگ میں تین کرکٹرز اور دو سپورٹ اسٹاف کے اراکین کے کوویڈ ٹیسٹ مثبت آگئے ہیں۔اس سے قبل گذشتہ جمعرات کو تین کھلاڑیوں اور ایک سپورٹ اسٹاف کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے تھے ۔

حددرجہ مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈین ٹیم 21کھلاڑیوں کے ساتھ کراچی آئی تھی۔تین کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اس نے18کھلاڑیوں کے ساتھ پہلے دو ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے مزید تین کرکٹرز کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اب ویسٹ انڈیز کے پاس تیسرے میچ کے لئے15کھلاڑی دستیاب ہیں اس لئے میچ ہوسکتا ہے لیکن میچ کرانے کا انحصار ویسٹ انڈین ٹیم انتظامیہ پر ہے۔

اوپر تلے اسکواڈ کے دس اراکین کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ویسٹ انڈین کیمپ میں بھی خوف پھیل گیا ہے تاہم پی سی بی کا کہنا ہے کہ بدھ کو پاکستان کے کھلاڑیوں کے بھی روٹین ٹیسٹ ہوئے تھے پاکستان کے تمام کھلاڑی اور آفیشل کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بیٹسمین روسٹن چیز، لیفٹ آرم پیس بولر شیلڈون کوٹریل اور آل راونڈر کائل مائرز 20دسمبر کو ٹیسٹ منفی آنے کے بعد میچوں کے لئے دستیاب ہوں گے اس وقت تینوں کرکٹرز کراچی کے ہوٹل میں روم آئسولیشن میں ہیں۔

بارباڈوس کے ایک اخبار نے دعوی کیا ہے کہ کراچی میں ویسٹ انڈیز کے کچھ کھلاڑی اور سپورٹ اسٹاف کے اراکین کورونا میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

نمائندہ جنگ نے اس بارے میں پی سی بی کے اعلی افسر سے اس خبر پر تصدیق کے لئے رابطہ کیا تو پی سی بی نے افسر نے تصدیق کی کہ ویسٹ انڈیز کےکچھ کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کے کورونا میں مبتلا ہونے کی اطلاعات ہیں لیکن اس بارے میں باضابطہ اعلان ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کرے گا۔

البتہ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعرات کو ہونے والا تیسرا میچ پروگرام کے مطابق ہوگا۔کیوں کہ ویسٹ انڈیز کے پاس اب بھی اتنے کھلاڑی موجود ہیں جن سے ٹی ٹوئینٹی انٹر نیشنل ہوسکے البتہ پی سی بی نے اس بارے میں تفصیلات بتانے سے انکار کردیا۔

کیریبین کرکٹ پوڈ کاسٹ نے سوشل میڈیا پر اپ ڈیٹ میں کہا ہے کہ کراچی میں پانچ کھلاڑیوں اور آفیشلز کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔

امکان ہے کہ جمعرات کو ٹی ٹوئینٹی میچ پروگرام کے مطابق ہوگا البتہ ون ڈے سیریز کے بارے میں جلد فیصلہ کیا جائے گا۔

تازہ ترین