امریکا اور چین کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ ہوا ہے، دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے 3، 3 قیدی رہا کر دیے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ رہائی دونوں ممالک کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے تحت ہوئی ہے۔
امریکا نے تینوں شہریوں کی قید کو ناجائز قرار دیا تھا، رہائی پانے والے امریکیوں میں مارک سویڈن، کائی لی اور جان لیونگ شامل ہیں۔
میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مارک سویڈن کو منشیات کے الزام میں سزائے موت کا سامنا تھا، جبکہ کائی لی اور جان لیونگ پر جاسوسی کرنے کے الزامات لگائے گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق چین نے ان 3 امریکیوں کے بدلے میں 3 چینی شہریوں کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا، جن کے نام ظاہر نہیں کیے گئے ہیں۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ جو بائیڈن نے اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ سے جنوبی امریکا کے ملک پیرو میں ایشیاء پیسیفک اقتصادی تعاون کے اجلاس کے دوران ایک رو برو ملاقات میں تینوں امریکیوں کی واپسی پر زور دیا تھا۔
چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ تینوں چینی شہری با حفاظت وطن واپس آ چکے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ قیدیوں کی واپسی چینی حکومت کی مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے۔