کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں20 دسمبر تا31دسمبر تک عدالتیں کام کریں گی سیشن کے پہلے روز چیف جسٹس گلزار احمد چیمبر میں ہی اہم مقدمات سنیں گے اور مختلف رپورٹس کا جائزہ لینگے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں 20 دسمبر تا 31 دسمبر تک تین بینچ تشکیل دیئے گئے ہیں۔ 20 دسمبر کو چیف جسٹس گلزار احمد اپنے چیمبر میں ہی فرائض سرانجام دینگے جبکہ بینچ نمبر ایک جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ ہے انکے ساتھ بینچ کے دوسرے رکن جمال خان مندوخیل ہیں ، دوسرے بینچ کے سربراہ جسٹس مقبول باقر ہیں اور ان کے ساتھی رکن جسٹس محمد علی مظہر ہیں۔ 21 دسمبر تا 24 دسمبر کے لیئے مذکورہ دونوں بینچ کراچی میں مقدمات کی سماعت کرییگے۔ 27 دسمبر تا 28 دسمبر تک مذکورہ دو بینچوں کے علاوہ چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی لارجر بینچ بھی اہم مقدمات کی سماعت کریگا، لارجر بینچ کے دیگر اراکین میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس قاضی محمد امین احمد شامل ہیں۔ 29 سے 31 دسمبر بھی چیف جسٹس کراچی رجسٹری میں کام کرینگے تاہم کورٹ روم میں نہیں بلکہ اپنے چیمبر میں ہیں فرائض سرانجام دیں گے اسکے ساتھ انہی تاریخوں میں دو بینچ بھی تشکیل دیئے گئے ہیں۔ پہلا بینچ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں ہوگا انکے ساتھ دوسرے رکن جسٹس امین الدین خان ہونگے اور دوسرا بینچ جسٹس سجاد علی شاہ کی سربراہی میں کام کریگا انکے ساتھ دوسرے رکن جسٹس محمد علی مظہر ہوں گے۔ اس طرح سال کا آخری عشرہ کراچی رجسٹری میں کافی مصروف رہے گا۔