• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیالکوٹ میں کرائم کی وجہ پیسے کی فراوانی ہے،آر پی او گوجرانوالہ

سیالکوٹ ( نمائندہ جنگ ) ریجنل پولیس آفیسر محمد طاہر نے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں کرائم میں اضافے کی ایک بڑی وجہ پیسے کی فراوانی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ ایوان صنعت وتجارت میں مقامی برآمدکنندگان اور درآمدکنندگان کے علاوہ میڈیا نمائندگان سے دوران خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہماری سیاست اور بزنس سمیت زندگی کے دیگر امور تھانہ اور کچہری کے گرد ہی گھومتے ہیں جس سے گھمبیر مسائل جنم لیتے ہیں اور پولیس انکو حل کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی خدشات کے پیش نظر پاکستان سے صنعت کار سری لنکا اور بنگلہ دیش سمیت دیگر میں ممالک سرمایہ کاری کر رہے ہیں اس صورتحال پر قابو پانے کے لئے سنجیدگی سے کوشش از حد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس میں بھی خرابیوں کے علاوہ اچھائی کے پہلو بھی موجود ہے جس میں اضافے کو ممکن بنا کر معاشرے میں امن وامان کی صورتحال کو بہتر کیا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں صدر چیمبر میجر ریٹائر منصور احمد نے کہا کہ عرصہ دراز سے سیالکوٹ میں بدنام زمانہ جرائم پیشہ افراد جوئے اور منشیات کے اڈے چلارہے ہیں جن کی سرکوبی ممکن نہیں بنائی جارہی۔ جبکہ رہی رہی کسر جیل میں موجود پیشہ وار افراد کا رہائی کے بعد دوبارہ گینگ کی تشکیل ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ جیل جرائم کی نرسری ہیں جسکی حالت زار کو بہتر کرنے کے لئے خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب تک محکمہ جات سے سیاسی مداخلت کا خاتمہ ممکن نہیں بنایا جاتا انکی کار کردگی میں بہتری کی توقع کرنا دیوانے کا خواب لگتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پولیس مسروقہ مال کی برآمدگی کو ممکن بنائے تاکہ شہریوں کو انکی لوٹی ہوئی چیزیں واپس مل سکیں اور انکا اعتماد پولیس پر بحال ہو سکے۔ تقریب میں چیئرمین سیال انٹرنیشنل ملک محمد اشرف، نائب صدر احتشام گیلانی، فاروق مائر، شہزاد ابن اقبال ، میاں عمران اکبر، عدنان سیٹھی سمیت ممبران چمبر موجود تھے۔ 
تازہ ترین