بالی ووڈ اداکار جان ابراہم نے کہا ہے کہ وہ بڑی اسکرین کے ہیرو ہیں، ’او ٹی ٹی‘ پلیٹ فارمز پر آنے کا تصور بھی نہیں کرسکتے۔
بالی ووڈ کے 49 سالہ اداکار جو دوسروں کو خوش کرنے والے جوابات دینے پر یقین نہیں رکھتے، صرف وہ کہتے ہیں، جو محسوس کرتے ہیں۔
ان کی یہی بات اس سوال کے جواب میں بھی سامنے آئی، جب اُن سے پوچھا گیا کہ ’کیا وہ اپنے ہم عصر اداکاروں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر اپنی فلم ریلیز کریں گے؟‘
اس پر اُن کا کہنا تھا کہ یہ بات میرے دماغ میں یقین کی حد تک موجود ہے کہ میں بڑی اسکرین کا ہیرو ہوں اور بڑی اسکرین پر ہی آؤں گا۔
جان ابراہم نے مزید کہا کہ اس وقت میرے لیے او ٹی ٹی کی طرف آنے کا تصور بھی مشکل ہے، اگلے 3 برس کے لیے میری فلمیں بڑی اسکرین کے لیے بن رہی ہیں۔
بالی ووڈ اداکار نے مزید کہا کہ میرے پاس اس وقت بڑے پردے کے سوا کوئی اور فلم کرنے کے لیے نہیں ہے، چند سال تو ایسا نہیں ہوگا کہ میرا کام او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز ہو، لیکن میں مستقبل کے لیے نہ نہیں کہہ رہا۔
اُن کا یقین ہے کہ تھیٹر میں فلم دیکھنے جیسا تجربہ کہیں اور نہیں ملتا، جس کی مثال دیتے ہوئے جان ابراہم نے کہا کہ آپ سوریا ونشی بڑے پردے پر بہت سارے فلم بین کے درمیان دیکھیں اور پھر گھر لوٹ کر وہی فلم ٹیبلٹ پر دیکھیں تو آپ کو فرق خود سمجھ آجائے گا۔
جان براہم نے یہ بھی کہا کہ مجھے غلط مت سمجھیں، ہمارے یہاں او ٹی ٹی پلیٹ فارم کے لیے فلم بنتی ہیں، ان پلیٹ فارمز کا میں احترام کرتا ہوں، لیکن کچھ فلمیں او ٹی ٹی کے لیے نہیں ہوتیں۔
انہوں نے تصدیق کی کہ 2022 تک وہ مصروف ہیں، اُن کی فلم پٹھان شاہ رخ خان اور دیپیکا پڈوکون کے ساتھ آرہی ہے، جس کی شوٹنگ ختم ہوچکی ہے تاہم وہ کب ریلیز ہوگی اس حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتے۔
جان ابراہم نے بتایا کہ اُن کی فلم’ اٹیک‘بھارت کے یوم جمہوریہ پر ریلیز ہوگی جبکہ اس کے بعد عید پر ایک ولن کا دوسرا حصہ سینما گھروں میں پیش کیا جائے گا۔