اسلام آباد(ایجنسیاں)وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے اومنی گروپ کے اکاؤنٹس زرداری گروپ کی طرح آپریٹ کئے‘زرداری گروپ نے یہ اکاؤنٹ ڈائریکٹ آپریٹ نہیں کئے تھے لیکن شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے ڈائریکٹ آپریٹ کئے۔وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ مُردوں کے ووٹوں کے ساتھ ساتھ (ن) لیگ ان کے نام پر جعلی اکائونٹس بھی بناتی ہےجبکہ معاون خصوصی شہبازگل کا کہنا ہے کہ شریف خاندان پر ایک سال قبل منی لانڈرنگ کے الزامات لگے پھر اس کی انکوائری ہوئی اور اب ثبوتوں کے ساتھ چالان عدالت میں پیش کردیا گیا ہے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعہ کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ خانیوال الیکشن میں پیسہ چلنے اور ہارس ٹریڈنگ کی باتیں سامنے آئیں جو افسوسناک ہیں۔کراچی میں 50 ٹاپ ایکسپورٹرز کو گیس دی جا رہی ہے،مہنگی ایل این جی درآمد کر کے گھریلو استعمال میں نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا خود شہباز شریف اور حمزہ شیباز شریف کے کیسز کا موازنہ کرے اور حقائق عوام کے سامنے لائے۔روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہو تو نواز شریف کے بعد شہباز شریف بھی سزا سے قطعی طور پر نہیں بچ سکتے، صرف ایک ہی چانس ہے کہ سماعت نہ ہو جس کے لئے یہ پوری کوشش کریں گے۔