آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے انڈونیشیا کی وزیر خارجہ ریتنو مرسودی نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی اور افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی اور علاقائی معاملات میں انڈونیشیا کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے کا خواہاں ہے۔
آرمی چیف نے افغانستان میں انسانی بحران روکنے اور امداد پہنچانے کے لیے طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں استحکام کے لیے تنازع کشمیر کا پُرامن حل ضروری ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان علاقائی امن اور خوشحالی کے لیے تمام پڑوسیوں سے خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہے۔