• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترکی کے شہر استنبول میں ہونے والی ایک کانفرنس میں شرکت کے لیے مجھے چند روز ترکی میں گزارنے کا موقع ملا۔ برطانیہ کی ’’المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ‘‘ اور ترکی کی ’’آئی ایچ ایچ ہیومینیٹیرین ریلیف فاؤنڈیشن‘‘ باہمی تعاون سے دُنیا کے ایسے ممالک میں جہاں بھوک غربت اور جنگ و جدل کی وجہ سے شہریوں کی اکثریت بھوک کا شکار ہے، وہاں کھانے کی بنیادی اشیا اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا بندوبست کرنے کے ساتھ ساتھ لاکھوں افراد کی بینائی کا علاج بھی کرتی ہیں۔ مذکورہ کانفرنس میں دُنیا بھر میں فلاحِ انسانی کے مختلف منصوبوں پر غور کیا گیا۔ اِس کانفرنس کے علاوہ استنبول اور گرد و نواح کے مختلف حلقوں میں ترکی کے لیے 2023کے بعد ہونے والی اہم تبدیلیوں پر خاصا جوش دیکھنے میں آیا۔ مثلاً، اہلِ ترک یہ سمجھتے ہیں کہ 2023کے بعد ترکی مغرب کے ساتھ باامر مجبوری کیے گئے ایک ایسے معاہدے سے آزاد ہو جائے گا جس کے ہوتے ہوئے وہ معاشی ترقی کے بہت سے منصوبوں میں اپنی مرضی کے فیصلے نہیں کر سکتا۔ یہ معاہدہ ”لوازن“ ہے جو 24جولائی 1923کو سوئٹزر لینڈ کے شہر لوزان میں جنگِ عظیم اول کے اتحادیوں اور ترکی کے درمیان طے پایا۔ معاہدے کے تحت یونان، بلغاریہ اور ترکی کی سرحدیں متعین کی گئیں اور قبرص، عراق اور شام پر ترکی کا دعویٰ ختم کرکے آخر الذکر دونوں ممالک کی سرحدوں کا تعین کیا گیا۔ ترکی کو مجبور کیا گیا کہ وہ اپنے ملک کی معدنیات نہیں نکال سکتا، خاص طور پر المونیم، معاہدے کے مطابق ترک خلافت کو ختم کرکے، سلطان کو ملک بدر کرکے اُس کے اثاثے ضبط کر لیے جائیں گے اور ترکی میں سیکولر حکومت قائم کی جائے گی۔ ترکی اپنے تیل کے ذخائر سے تیل نہیں نکالے گا۔ اپنی سمندری حدود سے نکلنے والے بحری جہازوں سے ٹیکس بھی نہیں لے پائے گا۔ اس معاہدے کے تحت جمہوریہ ترکی کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا۔ مصطفیٰ کمال پاشا کی زیر قیادت ترک افواج کی جانب سے یونانی افواج کو اناطولیہ سے نکال باہر کرنے کے بعد نئی ترک جمہوریہ نے معاہدہ سیورے کو مسترد کر دیا۔ 20اکتوبر 1922کو امن کانفرنس کا دوبارہ آغاز ہوا اور کانفرنس ایک مرتبہ پھر 4فروری 1923کو ترکی کی مخالفت کے باعث متاثر ہوئی۔ 23اپریل کو کانفرنس کادوبارہ آغاز ہوا اور مصطفیٰ کمال کی حکومت کے شدید احتجاج کے بعد 24جولائی کو طویل مذاکرات کے نتیجے میں اس معاہدے پر دستخط ہوئے۔ اِس معاہدے نے یونان، بلغاریہ اور ترکی کی سرحدوں کو ختم کر دیا۔ مذکورہ معاہدے کے تحت ترکی کو بین الاقومی طور پر تسلیم تو کر لیا گیا لیکن اُس کی بہت سی آزادیاں اور قومی خود مختاری سلب کر لی گئی۔ ترکی جوں جوں اِس معاہدے سے نجات کی طرف بڑھ رہا ہے، عالمی طاقتیں خطے میں اِس کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ سے خائف ہیں۔ اس لیے 2015میں یہاں بہت بڑی سطح پر ایک فوجی بغاوت بھی کرائی گئی جسے صدر طیب رجب اردوان نے عوامی طاقت سے ناکام بنا دیا۔ صدر نے حال ہی میں ترکی کے دس سالہ قومی خلائی پروگرام کا اعلان کیا، جس میں ترک خلا بازوں کو چاند پر بھیجنے اور ایک خلائی اسٹیشن کا قیام شامل ہے۔ اردوان نے خلائی پروگرام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ”ان شاء اللہ ہم چاند پر قدم رکھنے جارہے ہیں اور 2023کے آخر تک پوری دنیا بین الاقوامی تعاون سے ترکی میں مقامی طور پر تیار کردہ ہائبرڈ راکٹ کی چاند پر آمد کا نظارہ دیکھے گی۔ ہماری تہذیب کا آئینہ دار ستارہ و ہلال کا حامل سرخ پرچم چاند پر نصب کیا جائے گا“۔ اردوان نے ایک خلائی اسٹیشن کی تعمیر اور سیٹلائٹ ٹیکنالوجی میں گلوبل برانڈ بنانے کے منصوبے کا بھی اعلان کیا۔ اردوان نے کہا کہ اس قومی خلائی پروگرام کا پہلا ہدف جمہوریت کے سو برس مکمل ہونے یعنی سن 2023تک چاند پر قدم رکھنا ہوگا۔ صدیوں سے اِس کرۂ ارض پر انصاف، اخلاق اور امن کی رہنمائی میں پیش پیش ہماری تہذیب اب خلائوں کا رخ کرے گی۔ ہمارے پائوں زمین پر ہوں گے لیکن ہماری نگاہیں خلا میں ہوں گی۔ ہماری جڑیں دھرتی میں پیوست ہوں گی لیکن ہماری شاخیں آسمانوں میں پھیلی ہوں گی۔ ترکی نے اپنی خلائی ایجنسی کا آغاز 2018میں کیا تھا حالانکہ اقتصادی بحران کے باوجود اِس منصوبے پر اتنی بھاری رقم خرچ کرنے کے لیے صدر اردوان کی نکتہ چینی بھی ہوئی تھی لیکن اِس پروجیکٹ کے حامیوں کا کہنا ہے کہ اِس سے ملک کے سائنس دانوں اور محققین کو موقع ملے گا اور اُن کے دوسرے ملکوں کا رخ کرنے کا سلسلہ کم ہو جائے گا۔ ترکی نے گزشتہ ماہ ہی اسپیس ایکس کے تعاون سے امریکا سے اپنا سیٹلائٹ ترک سیٹ 5اے خلا میں روانہ کیا تھا۔ پاکستان اور ترکی کے تعلقات بھی دہائیوں پر محیط ہیں بلکہ پاکستان اور ترکی کے تعلقات کا آغاز ترک جنگِ آزادی کے دوران ہی ہو چکا تھا، اِس وقت مغربی برطانوی راج کے مسلمانوں نے سلطنتِ عثمانیہ کی مدد کی، برطانوی راج میں رہنے والے مسلمان خلیفہ عثمان کو اپنا خلیفہ سمجھتے تھے، آج بھی پاکستان اور ترکی کے بہترین معاشی و سفارتی تعلقات ہیں، آج پاکستان کو بھی معاہدہ لوزان ختم ہونے کے بعد ہونے والے عالمی سطح کے معاملات پر غور کرنے کی ضرورت ہے اور یہ بھی کہ ترکی نے کس طرح انتہائی کم وسائل کے ہوتے ہوئے بھی کسی غیرحکومت کے آگے ہاتھ نہیں پھیلایا!

ترکی کے شہر قونیہ میں اِن دنوں مولانا جلال الدین رومیؒ کے یومِ وفات پر ان کے 745ویں سالانہ عرس کی تقریبات کا آغاز ہو چکا ہے۔ مولانا رومیؒ اپنے دور کے اکابر علما میں سے تھے، فقہ اور مذاہب کے بہت بڑے عالم تھے لیکن آپ کی شہرت بطور ایک صوفی شاعر کے ہوئی۔ دیگر علوم میں بھی آپ کو پوری دستگاہ حاصل تھی۔ دورانِ طالب علمی ہی پیچیدہ مسائل میں علمائے وقت مولانا کی طرف رجوع کرتے تھے۔ شمس تبریزؒ مولانا کے پیر و مرشد تھے وہ تقریباً 30سال تک تعلیم و تربیت میں مشغول رہے۔ مولانا جلال الدین رومیؒ نے 3500غزلیں، 2000رباعیات اور رزمیہ نظمیں لکھیں، قونیہ میں اُن کے عرس کی تقریبات اور ترکی کے دیگر معاملات پر آئندہ کالموں میں بات ہوگی!

تازہ ترین