• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کے شریک ملزم احمد علی پر فرد جرم عائد


لاہور کی احتساب عدالت نے شہباز شریف کے شریک ملزم احمد علی پر فرد جرم عائد کر دی۔ ملزم نے صحت جرم سے انکار کیا جس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب گواہ کو طلب کرلیا۔

مسلم لیگ نون کے صدر اور اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز، آشیانہ اور منی لانڈرنگ کیس کی سماعت احتساب عدالت میں ہوئی جس میں شہباز شریف پیش ہوئے۔

احتساب عدالت میں حمزہ شہباز کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی جس میں کہا گیا کہ طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے وہ پیش نہیں ہوسکتے۔

رمضان شوگر مل ریفرنس پر نیب کا جواب

رمضان شوگر مل ریفرنس میں حمزہ شہباز کی بریت کی درخواست پر نیب نے جواب جمع کرواتے ہوئے حمزہ شہباز کی بریت کی درخواست کی مخالفت کر دی۔

نیب نے اپنے جواب میں کہا کہ عدالت حمزہ شہباز کی بریت کی درخواست خارج کرے، اختیارات کے ناجائز استعمال کو نئے ترمیمی آرڈیننس میں بھی نہیں چھیڑا گیا، یہ واضح ہے کہ مقننہ اختیار کے ناجائز استعمال کے جرم کو ختم نہیں کرنا چاہتی ہے۔

نیب کا یہ بھی کہنا تھا کہ نیب آرڈیننس کرپشن کے خاتمے کے لیے بنایا گیا ہے، درخواست گزار نے عدالتی دائرہ اختیار پر اعتراض اٹھایا جو بلاجواز ہے، وائٹ کالر کرائم پیچیدہ اور مشکل ہوتا ہے اس لیے کیس کو مجموعی طور پر دیکھا جانا چاہیے۔

جواب میں نیب کا کہنا تھا کہ کیس کے تمام پہلو جرم کے ہونے کو ثابت کرتے ہیں، حمزہ شہباز کی بریت کی درخواست کو خارج کیا جائے۔

خیال رہے کہ حمزہ شہباز نے رمضان شوگر مل ریفرنس میں بریت کی درخواست دائر کی تھی۔

عدالت نے بریت کی درخواست پر دلائل کے لیے 10 جنوری کی تاریخ مقرر کر دی ہے جبکہ شہباز شریف کے خلاف آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کی سماعت بھی 10 جنوری تک ملتوی کردی گئی۔

تازہ ترین