• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
ماہرین کی جانب سے موٹاپے اور معدے کی خراب کارکردگی کو خطرناک بیماریاں قرار دیا جاتا ہے۔
ماہرین کی جانب سے موٹاپے اور معدے کی خراب کارکردگی کو خطرناک بیماریاں قرار دیا جاتا ہے۔

گھر کے بڑے بوڑھوں کی جانب سے کہا جاتا ہے کہ ’پرہیز علاج سے بہتر ہے‘ جبکہ صحت مند رہنے کا یہی پائیدار اصول بھی ہے، بیماریوں سے دور رہنے اور کسی بڑی مشکل میں گھرنے سے قبل اس کی تشخیص کے لیے خود پر نظر رکھنا بہت ضروری ہے۔

ماہرین کی جانب سے چند ٹپس تجویز کی جاتی ہیں جنہیں اپنا کر ہر انسان بیماریوں میں مبتلا ہونے سے قبل ہی اس پر قابو پا سکتا ہے، ماہرین کی جانب سے سب سے زیادہ خطرناک بیماریاں موٹاپے اور معدے کی خراب کارکردگی کو قرار دیا جاتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ دو شکایتیں صحت سے متعلق دیگر مشکلات کی وجہ بھی بنتی ہیں اور مکمل صحت کی خرابی کا آغاز بھی یہیں سے شروع ہوتا ہے لہٰذا اپنی صحت پر خود سے نظر رکھ کر بیماریوں پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

کپڑوں کا مناسب سائز میں رہنا

ماہرین کے مطابق زیب تن کیے جانے والے کپڑوں کا اگر 3 سے 4 ماہ بعد دوبارہ پہننے کا اتفاق ہو اور اس لباس کی فٹنگ پہلے کی طرح بالکل ٹھیک رہے تو اس کا مطلب ہے کہ صحت سے متعلق کوئی پریشانی لاحق نہیں ہے، کپڑوں کا تنگ اور کھلا ہونا دونوں صحت سے متعلق پیشگی الارم سمجھنا چاہیے۔

معدے کی کارکردگی

ماہرین کے مطابق اگر آپ میں پہلے سے موجود قبض، اپھار اور تیزابیت کی شکایت کم ہوئی ہے تو اس کا مطلب ہے کہ آپ صحت مند غذا لے رہے ہیں اور اگر آپ میں معدے سے متعلق یہ شکایات بڑھ جائیں تو یہ وقت ہے کہ اپنی غذا سے متعلق عادات کو بدل کر قدرتی، سادہ اور گھر کی بنی غذاؤں پر اکتفا کریں، اس سے قبل کہ معدے اور غذائی نالیوں سے متعلق کوئی بری خبر سننے کو ملے۔

بے وقت کی بھوک پر قابو رکھنا

ماہرین کا کہنا ہے کہ کسی بھی بیماری میں مبتلا ہونے سے قبل ہی مثبت غذا کی عادت کو اپنا لینا چاہیے  اور اضافی کیلوریز اور بے وقت کی بھوک پر توجہ نہ دیں۔

اگر زندگی صحت مند بنانے کے لیے آپ بے وقت کی بھوک اور ’فوڈ کریونگز‘ (بے جا کی بھوک اور مرغن غذائیں کھانے کا دل چاہنا) پر قابو پانے میں کامیاب ہو گئے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ آنے والی زندگی مزید صحت مند گزرنے والی ہے اور بہت سی بیماریوں کے شروعات سے قبل ہی چھٹکارہ حاصل ہو گیا ہے۔

نیند پر نظر رکھیں

صحت مند رہنے کے لیے کم از کم 6 اور زیادہ سے زیادہ 8 گھنٹوں کی نیند ضرور پوری کریں، اگر نیند کی کمی یا زیادتی کا شکار ہیں تو معالج سے رجوع کریں کیوں کہ نیند کی کمی اور زیادتی کسی بھی بڑی بیماری کی وجہ بن سکتی ہے، صحت مند رہنے کے لیے مکمل اور پرسکون نیند کا متوازن ہونا بہت ضروری ہے۔

اپنے دوستوں سے مدد لیں

ماہرین کا کہنا ہے کہ صحت مند رہنے اور اچھا دکھنے کے لیے اپنے مخلص دوستوں سے بھی رائے لی جا سکتی ہے، مخلص دوست یا کوئی بھی خیر خواہ آپ میں نظر آنے والی تبدیلیوں پر توجہ دلا کر اور رائے دے کر مدد کر سکتا ہے کہ جو کہ صحت کے لیے مفید ثابت ہو سکتی ہے۔

صحت مند جِلد

جِلد آپ کی صحت کا آئینہ ہوتی ہے، خوبصورت، صاف شفاف اور بے داغ جِلد آپ کی اندرونی صحت کا پتہ دیتی ہے جبکہ داغ دھبوں، ایکنی اور کیل مہاسوں والی جِلد سے بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ جسمانی نظام میں کچھ غلط اور مضر صحت ہو رہا ہے جس پر قابو پانا ضروری ہے۔

متحرک محسوس کرنا

اگر آپ خود کو متحرک محسوس کرتے ہیں تو یہ واضح ہے کہ آپ ایک صحت مند انسان ہیں اور اگر صورتحال اس کے برعکس ہے  تو یہ اس بات کی نشانی ہے کہ آپ کو غذائی کمی یا پھر کسی مخصوص معدنیات یا وٹامن کی کمی ہے۔

تازہ ترین