کراچی (آ ن لائن، جنگ نیوز )سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے سستی ایل این جی نہیں خرید سکی، عوام حکومت کی نااہلی اور کرپشن کا خمیازہ بھگت رہے ہیں،حکومت نے اتنا فرنس آئل درآمد کرلیا کہ کراچی پورٹ پر اضافی کنٹینرز بلاوجہ کھڑے ہیں، جبکہ وہ اپنی نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے سستی ایل این جی نہیں خرید سکی، خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں حکومت کے امیدواروں اور دھاندلی کرنے والوں کا عوام نے جو حشر کیا ہے وہ آپکے سامنے ہے۔ وہ کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔شاہد خاقان عباسی نے چیئرمین نیب کو چیلنج کیا کہ وہ مسلم لیگ (ن) کے دور کی کرپشن سامنے لائیں، چیئرمین نیب کو کہتا ہوں ہمت ہے توسامنے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے نئے پلانٹس لگائے تھے جسکے فیول اخراجات فرنس آئل کے پلانٹس سے 6 سے 11 روپے تک کم ہے، یہ کئی سو ارب روپے کی سالانہ بچت فراہم کرتے ہیں۔ سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کوئلے کے تین پلانٹ چینی سرمایہ کاری سے سی پیک کیلئے لگے ہیں اور آج سی پیک کو یہ کہہ کر بدنام کیا جارہا ہے کہ یہ پلانٹس بہت مہنگے ہیں۔