اسلام آباد ( نمائندہ جنگ ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے نظامِ قانون کے غلط استعمال کے ذریعے شہباز شریف کیخلاف منظم انداز سے چلائی جانے والی مذموم مہم پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام کا مقصد شہباز شریف کو ایک کے بعد دوسرے کیس میں پھنسائے رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور شہزاد اکبر کی جانب سے فراہم کردہ جھوٹ کے پلندے کی بنیاد پر برطانوی اخبار ڈیلی میل نے شہباز شریف کیخلاف توہین آمیز خبر شائع کر دی جس پر نہ صرف برطانوی حکومت نے اتوار کے دن اپنا دفتر کھول کر اس جعلی خبر کی تردید کی بلکہ شہباز شریف نے برطانوی عدالت میں اخبار کیخلاف ہتک عزت کا مقدمہ بھی دائر کر دیا۔ 14؍ جولائی 2019ء سے 21؍ دسمبر 2021ء تک لندن کی عدالت میں ایک بھی ثبوت پیش نہیں کیا گیا جبکہ ڈیلی میل اخبار ہر سماعت پر مہلت مانگتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ لندن ، لاہور ہائیکورٹ، اسلام آباد ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں کوئی ثبوت جمع کرائے گئے اور نہ ہی برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کو دئیے گئے اسکے باوجود آج بھی ڈھٹائی اور بے شرمی کیساتھ شہبازشریف پر روزانہ وہی الزامات دوہراتے اور پریس کانفرنس کرتے ہیں، پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ ایک ہی شخص کیخلاف ایک ہی الزامات پر دو ادارے تفتیش کررہے ہیں، تین سال سے قانونی عمل کا ناجائز اور غیرقانونی استعمال ہورہا ہے، عدلیہ کو اس کا نوٹس لینا چاہئے۔