کراچی(ٹی وی رپورٹ)لاہورہائیکورٹ نے سانحہ ساہیوال میں جھوٹی گواہی دینے پر مقتول کے بھائی جلیل پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرنے والا تمہارا بھائی تھا،پہلے معاملہ سر پر اٹھایا ہوا تھا،ٹرائل کورٹ میں ملزموں کو پہچاننے سے انکار کر دیا، کیسے کہا کہ کیس کے متعلق کچھ نہیں جانتے،جھوٹی شہادت آپ دیں اور گندگیاں عدالت پر ڈالیں،واقعے سے متعلق ٹرائل کورٹ میں عینی شاہد وسیم نے لاعلمی کا اظہار کیا تھا ،وسیم نے عدالت میں بتایا کہ اسے ڈی پی او ساہیوال نے ایسا بیان دینے کا کہا تھا، عدالت نے کہا گواہ ٹی وی پر جو کہانیاں سناتے تھے، سب انہیں دیکھ کر روتے تھے، بعد میں سب گواہوں نے کہہ دیاکہ ہم کچھ نہیں جانتے،عدالت نے مدعی جلیل، دیگر گواہ اور اس وقت کے ڈی پی او ساہیوال کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی ضیا آئندہ سماعت پر طلب کرلیا،واضح رہے کہ 19جنوری 2019 کو ساہیوال میں سی ٹی ڈی کے آپریشن میں والدین، بیٹی، ڈرائیور کی موت ہوئی تھی،گواہوںکےمنحرف ہونےپراے ٹی سی نے ملزمان سی ٹی ڈی اہلکاروں کو بری کر دیا تھا ۔