خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیر شوکت یوسف زئی نے بلدیاتی انتخابات میں شکست پر بار بار غلطیوں کا اعتراف کیا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسف زئی نے کہا کہ مہنگائی بھی شکست کی ایک وجہ بنی لیکن ہم نے ناقابل تلافی غلطیاں کیں جو ہمارے سامنے آگئیں۔
شوکت یوسف زئی کا کہنا تھاکہ آزاد امیدوار بھی عمران خان کی تصویر لے کر کھڑے ہوئے اور ہم سے غلطی ہوئی کہ انہیں بٹھا نہیں سکے۔ آئندہ ان غلطیوں سے سبق سیکھیں گے اور اپنی اصلاح کریں گے۔
اس سے قبل وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا تھا کہ بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کا مقابلہ پی ٹی آئی سے ہوا، ایسا نہ ہوتا تو 14 اضلاع میں کامیاب ہوسکتے تھے۔
شبلی فراز کا انتخابی نتیجہ آنے کے بعد کہنا تھا کہ اس انتخابات سے ہم نے سبق حاصل کیا ہے، بلدیاتی انتخابات کے آئندہ مرحلے میں حکمت عملی تبدیل کریں گے اور خامیوں کو دور کریں گے۔