• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپتال میں زیر علاج پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے اوپنر عابد علی کو 2 سے 3 دن میں ڈسچارج کردیا جائے گا۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ عابد علی کی حالت خطرے سے باہر ہے، وارڈ منتقل کردیا گیا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ عابد علی کو آپریشن کے بعد ایک گھنٹہ انتہائی نگہداشت کے شعبے میں رکھا گیا۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ اسپتال میں زیر علاج عابد علی کے مزید علاج کے لیے انٹروینشنل کارڈیالوجسٹ سے رابطہ کیا جارہا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے عابد علی کی صحت کے حوالے سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا کہ عابد علی کے دل کی شریان میں دوسرا اسٹنٹ بھی ڈال دیا گیا ہے اور وہ مستقل شفایاب ہورہے ہیں۔

پی سی بی کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی میڈیکل ٹیم عابد علی کے مزید علاج کیلئے انٹروینشنل کارڈیالوجسٹ سے رابطہ کررہی ہے، عابد علی کی حالت مستحکم ہے۔

ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں پی سی بی نے ایسے وقت میں عابد علی اور خاندان کی رازداری کا احترام کرنے کی درخواست بھی کی اور ساتھ ہی عابد علی کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

 خیال رہے کہ کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج عابد علی کے دل کی شریان میں دو اسٹنٹس ڈال دیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ عابد علی کو قائداعظم ٹرافی میں میچ کے دوران سینے کی تکلیف پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ عابد علی کی دو شریانوں میں رکاوٹ سامنے آئی تھی۔

عابد علی نے ایک پیغام میں اپنی صحت سے متعلق مداحوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اللّٰہ کا شکر ہے میں اب ٹھیک ہوں۔ انہوں نے دُعا اور نیک خواہشات کا اظہار کرنے والوں کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔

رواں سال عابد علی انٹرنیشنل ٹیسٹ کرکٹ میں 15 اننگز میں 695 رنز بناچکے ہیں۔ جن میں ایک ڈبل سنچری، ایک سنچری اور 2 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

تازہ ترین