سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز میں شہریوں کو گیس غائب ہونے یا پریشر میں کمی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کھانا پکانے کے لیے شہری مہنگے داموں ایل پی جی یا لکڑیاں خرید کر جلانے پر مجبور ہیں۔
وفاقی دارالحکومت کے جی سیون، جی نائن سمیت مختلف سیکٹرز میں گیس کی کمی کا سامنا ہے، جی سیون کے اکثر گھروں میں تو گیس مکمل غائب ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اب تو کھانا بنانے کے لیے بھی گیس نہیں۔
ایک شہری نے بتایا کہ دن بھر گیس نہیں ہوتی، مہنگی ایل پی جی خرید رہے ہیں یا لکڑیاں خرید کر جلا رہے ہیں، جو ایک ہزار سے 1200 روپے فی من ملتی ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 23 سو روپے سے زائد ہوچکی جبکہ جلانے والی فی من خشک لکڑی ایک ہزار روپے سے زائد میں فروحت ہو رہی ہے۔