• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقابلہ سیاسی بونوں سے، نواز اور زرداری جلد وہیل چیئر پر ہونگے، ملکہ جعلسازی سیاست چھوڑے رسیدیں دے، حکومتی ترجمان

ملکہ جعلسازی سیاست چھوڑے رسیدیں دے، حکومتی ترجمان


لاہور(ایجنسیاں)وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ہمارا مقابلہ چھوٹے چھوٹے سیاسی بونوں سے ہے‘نواز شریف اور آصف زرداری جلد وہیل چیئر پر نظر آئیں گے‘ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں صفایا ہو گیا ہے‘مریم نواز خیبر پختونخوا میں اپنی شکست کا جشن منا رہی ہیں‘ نواز اور زرداری جیسے لوگوں نے قرضے لے کر ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کیا‘ ہم نے پانچ سالوں میں ان کا لیا ہوا 55 ارب ڈالر قرضہ واپس کرنا ہے‘ 

زرداری نے جب عدالت جانا ہوتا ہے تو وہ وہیل چیئر منگوا لیتے ہیں اور معذوروں کی گاڑیوں پر آنا جانا شروع کر دیتے ہیں‘ضمانت ملنے کے بعد زرداری اپنے قد سے بڑی بڑھکیں ماررہے ہیں ‘ آصف زرداری نے پیپلز پارٹی کی وہ حالت کر دی ہے کہ آج پیپلز پارٹی کے پاس پنجاب میں انتخابی امیدوار ہی نہیں ہیں‘ زرداری لاہور اور اسلام آباد کے چکر میں لاڑکانہ اور نواب شاہ جانے کے بھی قابل نہیں رہے‘ یہ جماعتیں صرف میڈیا کے سہارے زندہ ہیں‘ ان کی کوریج بند ہو جائے تو یہ فارغ ہو جائیں‘ان کی سیاست اب مہنگائی پر پروپیگنڈہ کرنا رہ گئی ہےجبکہ وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گِل کاکہنا ہے کہ ملکہ جعلساز سیاست کی فکر چھوڑیں رسیدیں دیں، مریم بی بی کا ماضی، حال اور سیاسی مستقبل اندھیروں میں گھرا ہے ۔

 ماضی میں ہر منصوبہ شریف خاندان کی سہولت دیکھ کر ترتیب دیا گیا، کک بیکس کیلئے تختیاں لگانے والوں کا صفایا ہوچکا‘سفاری سوٹ اور لمبے بوٹ پہن کر فوٹو شوٹ کرنے والے شعبدہ بازوں کی چھٹی ہو چکی‘ عوام جانتے ہیں ن لیگی نااہل ہیں ‘بڑے میاں مفروری کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

 جمعرات کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمیں الیکشن نہیں قوم کو دیکھنے کی ضرورت ہے۔آصف زرداری سندھ کے لئے پلان لانے کی باتیں کر رہے ہیں،تیس سال ہوگئے پلان کب لائیں گے؟ اب آپ کے جانے کا وقت ہے اور آپ پلان لانے کی باتیں کر رہے ہیں۔ نواز شریف اور زرداری نے اپنی باقی زندگی بیرون ملک گزارنی ہے۔

ادھر ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا ہے کہ عوام جانتے ہیں کہ معیشت ڈبو کر ملک کا مستقبل تاریک کرنے والے (ن )لیگی نااہل ہیں‘ سیاست میں غیر اہم ہو چکی مریم کے والد مفرور ہو کر لندن براجمان ہیں۔

دریں اثناءمریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل میں ڈاکٹرشہبازگل کا کہناتھاکہ وزیراعلیٰ بن کر کرپٹِ اعلیٰ بننے والے اپنی کرپشن اور منی لانڈرنگ کا حساب دیں،پاکستان اور عوام کا ہر منصوبہ نااہلوں پر بجلی بن کر گرتا ہے۔ 

تازہ ترین