پشاور(کرائم رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے کرسمس کیلئے منظم ٹریفک پلان تشکیل دیدیا۔ ماضی کی طرح امسال بھی چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے ٹریفک کے نظام کو رواں دواں رکھنے کیلئے ایک منظم ٹریفک پلان تشکیل دیا ہے جس کے تحت پشاور میں ٹریفک کنٹرول کرنے اور ٹریفک نظام کو رواں دواں رکھنے کیلئے 3 ایس پیز‘ 10 ڈی ایس پیز، ایک ہزار سے زائد ٹریفک آفیسرز اور وارڈنز سمیت دیگر نفری ڈیوٹی سر انجام دینگے اسی طرح شہر کے مختلف سیکٹروں میں 54 رائیڈرز اور 18 فورک لفٹرز کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں جو شہر میں ٹریفک کے نظام کو رواں دواں رکھنے اور رش کو کنٹرول کرنے کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کارلائے گی۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کرسمس کے موقع پر ٹریفک نظام کو رواں دواں رکھنے کیلئے تمام تر سہولیات و صلاحیتیں بروئے کار لائے گی تاہم شہری بھی غلط پارکنگ اور ٹریفک نظام میں خلل ڈالنے سے گریز کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو کرسمس کے موقع پر سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے سٹی ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کی مختلف شفٹوں میں ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کے مشکلات درپیش نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ شہری کرسمس کے موقع پر چرچز کے اطراف پر ٹریفک پولیس اہلکاروں کے ساتھ بھر پور تعاون کریں اور ان کی جانب سے جاری کردہ گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کہ شہری رش کی صورت میں سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے سوشل میڈیا سائٹس کا وزٹ کریں جس کو ہر پندرہ منٹ بعد ٹریفک نظام سے متعلق اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے اسی طرح سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے ایف ایم ریڈیو 88.6 پر بھی لوگوں کو رات گئے شہر بھر کے ٹریفک نظام سے متعلق آگاہی دی جائیگی. انہوں نے مزید کہا کہ شہری ٹریفک سے متعلق کسی بھی معلومات کیلئے ہماری ہیلپ لائن 1915 ڈائل کریں.