پشاور (لیڈی رپورٹر)میونسپل ملازمین نے زبیر علی کے میئر پشاور منتخب ہونے پر یوم تشکر منایا ۔ ملازمین نے شکرانے کے نوافل ادا کئے مٹھائیاں تقسیم کیں اور بھرپور جشن منایا زبیر علی نومنتخب میئر پشاور ناسازی طبیعت کی وجہ سے تقریب میں شریک نہ ہوسکے ان کی جگہ ان کے والد سینیٹر اور سابق ڈسٹرکٹ ناظم اعلی پشاور حاجی غلام علی اور سابق ناظم یونین کونسل اخون آباد اللہ داد خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حاجی غلام علی نے کہا کہ انشاء اللہ زبیر علی مجھ سے زیادہ پشاور کے عوام کی خدمت کرے گا پشاور کی رکی ہوئی ترقی کا دور اب دوبارہ شروع ہوگا انہوں نے اس موقع پر میونسپل ملازمین کے لیے رہائشی کالونی بنانے کا اعلان بھی کیا اور یونائیٹڈ میونسپل ورکرز یونین کیپیٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ پشاور کے چیئرمین ملک محمد نوید اعوان اور یونائیٹڈ ڈبلیو ایس ایس پی ورکرز یونین کے چیئرمین بلال احمد اور ان کی کابینہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے آج یوم تشکر کا اہتمام کیا اور ہماری حوصلہ افزائی کی۔