بلغاریہ کی نامور خاتون نجومی آنجہانی بابا وانگا نے گزشتہ برسوں کی طرح 2022 میں رونما ہونے والے واقعات کی بھی پیش گوئی اپنے مرنے سے قبل کی تھی۔
خیال رہے کہ بلغاریہ کی زبان میں ’بابا‘ دادی یا نانی کو کہا جاتا ہے اور یہ خاتون ایک حادثے میں نابینا ہوگئی تھیں۔ بابا وانگا جنوری 1911ء میں بلغاریہ میں پیدا ہوئی تھیں اور وہ ایک مشہور مذہبی پیشوا، جڑی بوٹیوں کی حکیم تھیں۔
ان کے متعلق مشہور تھا کہ وہ غیرمعمولی اور پراسرار صلاحیتوں کی مالک ہیں اور ان کے علاج سے بیمار ٹھیک ہوجاتے تھے۔
کہا جاتا ہے کہ انہوں نے روسی زوال، چرنوبل ایٹمی حادثے، 2004 میں انڈونیشیائی سونامی، 11 ستمبر کے ورلڈ ٹریڈ ٹاور حملوں کی پیش گوئی کی تھی تاہم ان کی بعض پیش گوئیاں غلط بھی ثابت ہوئی ہیں۔
بابا وانگا کا انتقال 11 اگست 1996 کو ہوا تھا جبکہ انہیں بلقان کی نوسٹراڈیمس بھی کہا جاتا ہے۔
بابا وانگا کی 2022 کی پیش گوئیاں:
1) ایک نیا مہلک وائرس
جہاں دنیا پہلے ہی کورونا وائرس جیسی عالمی وبا کے شکنجے میں ہے وہیں بابا وانگا کے مطابق محققین سائبیریا میں ایک مہلک وائرس دریافت کریں گے، یہ وائرس لوگوں میں بہت تیزی سے پھیلے گا جبکہ اس سے بچنے کا انتظامات کرنے میں بھی بہت وقت لگ جائے گا۔
2) خطرناک زلزلے اور سیلاب کا خطرہ
بابا وانگا کی پیش گوئی کے مطابق آسٹریلیا اور ایشیائی ممالک کو آئندہ سال سیلاب اور زلزلے کا سامنا ہوگا جس سے کئی زندگیاں ضائع ہوجائیں گی۔
3) ٹڈی دل کا حملہ
نابینا خاتون نجومی کی پیش گوئی کے مطابق بھارت کی کئی ریاستوں کو 2022 میں بھی ٹڈی دل کے حملے کا سامنا کرنا پڑے گا جس سے فصلیں تباہ ہونے کا خدشہ ہے۔
4) پینے کے پانی کی قلت
جہاں دنیا پہلے سے ہی پانی کی کمی کے مسئلے سے دوچار ہے وہیں بابا وانگا کے مطابق 2022 میں دنیا کے کئی شہر پانی کی قلت کا شکار ہوں گے۔
5) لوگ ٹیکنالوجی کے غلام بن جائیں گے
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بابا وانگا کی پیش گوئیوں میں ایک پیش گوئی ٹیکنالوجی کے حوالے سے بھی کی گئی ہے، جہاں لوگ پہلے ہی ٹیکنالوجی کے استعمال کے عادی بن چکے ہیں وہاں 2022 میں لوگوں کا استعمال مزید بڑھ جائے گا اور لوگ ذہنی مریض بن جائیں گے۔