• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلغاریہ کی مشہور خاتون آنجہانی نجومی بابا وانگا نے اگلے سال کےلیے کئی اہم پیشگوئیاں کی ہیں۔

بابا وانگا نے کہا تھا کہ سال 2021  میں وہ دیکھ رہی ہیں کہ دنیا میں مصائب اور حادثات بڑھیں گے، دنیا کو دکھوں کا سامنا ہوگا جو انسانی راہ کو تبدیل کردے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک طاقتور اژدہا پوری انسانیت کو لپیٹ میں لے گا اور تین عفریت (جائنٹس) مل کر ایک ہوجائیں گے۔


انہوں نے کہا تھا کہ لوگ اپنے عقائد اور مذاہب کی بنیاد پر مزید سخت تقسیم سے گزریں گے اور روسی صدر پیوٹن کو قتل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

انہوں نے یہ عجیب و غریب پیشگوئی بھی کی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک غیرمعمولی دماغی و نفسیاتی عارضے کا شکار ہوں گے۔

بابا وانگا کے مطابق دنیا کا خاتمہ 51 صدی عیسوی میں ہوجائے گا جبکہ سال 2021 کےلیے انہوں نے کہا تھا کہ وہ 5 پھر 100 اور اس کے بعد بہت سارے صفر والے اعداد دیکھ رہی ہیں۔

اسی سال کے لیے انہوں نے ایک اچھی پیشگوئی بھی کی ہے کہ انسانیت کو لاحق دیرینہ مرض کینسر کا شافی علاج دریافت ہوجائے گا اور سورج سے توانائی کے حصول کے انقلابی راستے کھلیں گے۔

خیال رہے کہ بلغاریہ کی زبان میں ’بابا‘ دادی یا نانی کو کہا جاتا ہے اور یہ خاتون ایک حادثے میں نابینا ہوگئی تھیں۔ بابا وینگا جنوری 1911ء میں بلغاریہ میں پیدا ہوئی تھیں اور وہ ایک مشہور مذہبی پیشوا، جڑی بوٹیوں کی حکیم تھیں۔

ان کے متعلق مشہور تھا کہ وہ غیرمعمولی اور پراسرار صلاحیتوں کی مالک ہیں اور ان کے علاج سے بیمار ٹھیک ہوجاتے تھے۔

کہا جاتا ہے کہ انہوں نے روسی زوال، چرنوبل ایٹمی حادثے، 2004 میں انڈونیشیائی سونامی، 11 ستمبر کے ورلڈ ٹریڈ ٹاور حملوں کی پیش گوئی کی تھی تاہم ان کی بعض پیش گوئیاں غلط بھی ثابت ہوئی ہیں۔

بابا وانگا کا انتقال 11 اگست 1996 کو ہوا تھا جبکہ انہیں بلقان کی نوسٹراڈیمس بھی کہا جاتا ہے۔

تازہ ترین