• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بازنطیوم، قسطنطنیہ، اسلامبول کے بعد اب استنبول کے نام سے پکارےجانے والا آبادی کے لحاظ سے ترکی کا سب سے بڑا یہ شہر ملک کا معاشی، ثقافتی اور تمدنی مرکز ہے، اِس کا زیادہ حصہ ایشیا اور تھوڑا یورپ میں ہے، یہ بحیرہ مرمرہ اور بحیرہ اسود کے درمیان آبنائے باسفورس کے دونوں کناروں پر پھیلا ہوا ہے، اسے یورپ کا سب سے بڑا شہر بھی کہا جاتا ہے۔ 600سال قبل از مسیح سے سولہ سو سال تک رومن ایمپائر اور پھر عیسائیوں کے زیر تسلط رہنے والا یہ شہر 1453میں خلافتِ عثمانیہ کا دارالخلافہ بن گیا اور 1923میں سلطنتِ عثمانیہ کے زوال تک اِس بہت بڑی سلطنت کا مرکز رہا، یہاں بیشمار میوزیم موجود ہیں جن میں توپکاپی پیلس میوزیم کو انتظامی، تعلیمی اور فنی مرکز کے طور پر استعمال کیا گیا۔ یورال اتامان کلاسیک کار میوزیم 2000مربع میٹر پر مشتمل ہے جس میں 1950اور 1960کی دہائی کی 60سے زیادہ گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور ٹرک شامل ہیں۔ استنبول ٹوائے میوزیم، 2005میں ترک شاعر سنائے اکن کے قائم کردہ اس میوزیم میں 1700عیسوی سے لے کر آج تک کھلونوں کی تاریخ کی انتہائی شاندار مثالیں موجود ہیں۔ نیول میوزیم استنبول کے بیشکتاش ضلع میں واقع ہے اور محققین اور سیاحوں کا منتظر ہے، پنوراما بھی ایک تاریخی میوزیم ہے جہاں دنیا کی سب سے بڑی پنورامک پینٹنگ موجود ہے، جو سیاحوں کو ایک ایسا ماحول فراہم کرتا ہے جہاں وہ 3ڈی میں قسطنطنیہ کی فتح کے بارے میں بتائے یا لکھے گئے واقعات کو ایک بار پھر اپنی آنکھوں کے سامنے دیکھ سکتے ہیں۔ چاکلیٹ میوزیم 25ہزار مربع میٹر کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔ یہ میوزیم ایک سابقہ فیکٹری کو تبدیل کرکے بنایا گیا ہے جس میں رومی، وان گوگ، البرٹ آئن اسٹائن، اتاترک اور مہمد فاتح کے مجسمے موجود تھے۔ استنبول میوزیم جدید اور عصری فن پر مشتمل ترکی کا پہلا میوزیم ہے، میوزیم کی بنیاد 2004میں رکھی گئی تھی۔ استنبول صدیوں تک دُنیا کا مالدار ترین شہر کہلاتا تھا، شاید اسی لیے پورے یورپ پر سقوطِ قسطنطنیہ کا اتنا گہرا اثر ہے کہ وہ آج تک مسلمانوں کی اس فتح کو بھلا نہیں پایا۔ یونان میں تو آج بھی جمعرات کو منحوس دن سمجھا جاتا ہے کیونکہ جمعرات کو ہی قسطنطنیہ مسیحیوں کے ہاتھ سے نکل گیا تھا۔ اسی لیے یورپ ترکی کو یورپی یونین میں شامل کرنے میں لیت و لعل سے کام لیتا ہے یقیناً اس کی وجہ سلطان محمد فاتح کی قسطنطنیہ پر تاریخی فتح ہے۔ گزشتہ کالم میں ذکر کیا تھا کہ میں ’’المصطفیٰ ویلفیئر ٹرسٹ‘‘ کے چیئرمین عبدالرزاق ساجد، ’’اے ایم ڈبلیو ٹی‘‘ کے ڈائریکٹر مقصود احمد، او بی ای اور راجہ فیض سلطان کے ساتھ ایک کانفرنس میں شرکت کے لیے استنبول میں تھا، وہاں جاکر پتا چلا کہ 17دسمبر کو مولانا جلال الدین رومی کا یومِ وفات ہے اور عرس کی تقریب اُن کے مزار پر قونیہ میں ہوگی، ہمارے لیے یہ ایک نادر موقع تھا۔ ہم استنبول سے قونیہ جانے کے لیے ٹرین میںبیٹھے تو خوشگوار حیرت ہوئی، ایسی خوبصورت ٹرین تو یورپ اور برطانیہ میں بھی نہیں ہے، اس قدر صاف ستھری آرام دہ اور 255کلو میٹر فی گھنٹہ برق رفتاری سے دوڑنے والی ٹرین نے چار گھنٹے میں ہمیں قونیہ پہنچا دیا، حالیہ ترکی اپنی بود و باش یا اطوار میں کسی بھی طرح یورپ یا برطانیہ سے کم نہیں ہے۔ مولانا جلال الدین رومی نے شہر قونیہ کو اپنا دائمی مسکن بنایا جو استنبول سے 665کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ 16دسمبر کو قونیہ کے ایک وسیع و عریض آڈیٹوریم میں مولانا رومی کی نسبت سے درویش رقص دیکھنے کا موقع ملا، جہاں تقریباً 8ہزار خواتین و حضرات موجود تھے لیکن کیا مجال کہ کوئی دھکم پیل یا بدتہذیبی دیکھنے میں آئی ہو- مولانا رومی کے فرقے کے لوگ جلالیہ کہلاتے ہیں چونکہ مولانا کا لقب جلال الدین تھا، اِس لیے اُن کے انتساب کی وجہ سے یہ نام مشہور ہوا ہوگا لیکن ایشیائے کوچک، شام، مصر اور قسطنطنیہ میں اس فرقے کو لوگ مولویہ کہتے ہیں۔ یہ لوگ نمد کی ٹوپی پہنتے ہیں جس میں جوڑ یا درز نہیں ہوتی، مشائخ اس ٹوپی پر عمامہ باندھتے ہیں۔ ذکر و شغل کا یہ طریقہ ہے کہ حلقہ باندھ کر بیٹھتے ہیں ایک شخص کھڑے ہو کر ایک ہاتھ سینے پر اور ایک ہاتھ پھیلائے ہوئے رقص شروع کرتا ہے۔ رقص میں آگے پیچھے بڑھنا یا ہٹنا نہیں ہوتا بلکہ ایک جگہ جم کر متصل چکر لگاتے ہیں۔ سماع کے وقت دف اور نے بھی بجاتے ہیں۔ مزار مولانا روم ایک میوزیم کی صورت میں موجود ہے جو درگاہ حضرت مولانا، مسجد، درویشوں کے کمرے، لائبریری، تبرکات کے کمرے، سماع ہال، مطبخ، وسیع لان، صحن، باغیچہ اور دفاتر پر مشتمل ہے۔ مولانا رومی فرماتے ہیں کہ قونیہ شہر کو ہم نے مدين الاولياء کا لقب دے دیا ہے، اس شہر میں ولی پیدا ہوتے رہیں گے۔ مولانا روم کے مزار کے ایک حصہ میں شیشے کی ایک الماری میں مولانا کے تبرکات محفوظ ہیں جن میں حضرت مولانا کا لباس، مولانا کی جائے نماز، کندھے پر ڈالنے والا رومال، مولانا کی تین ٹوپیاں اور دو عدد جبے سرفہرست ہیں۔ مولانا کا یہ فرمان بھی زندگی کا حاصل کہا جا سکتا ہے کہ ’’تاریخ میں ایسی کوئی مثال موجود نہیں ہے کہ اللہ تعالیٰ نے کسی قوم کو نماز نہ پڑھنے روزہ نہ رکھنے یا عبادات نہ کرنےپر تباہ کیا ہو، اگر اللہ نے قوموں کو تباہ کیا تو ان کی بددیانتی‘ جھوٹ‘ غیراخلاقی اور غیرانسانی رویوں کیوجہ سے‘‘- مولانا کے مزار کے احاطے میں دائیں طرف جائیں تو علامہ اقبال کی قبر موجود ہے جہاں کتبہ بھی لگایا گیا ہے۔ مولانا رومی کیونکہ علامہ اقبال کے روحانی مرشد تھے چنانچہ اس عقیدت کو مدِنظر رکھتے ہوئے قونیہ والوں نے لاہور سے علامہ اقبال کے مزار کی مٹی لاکر یہاں اُن کی علامتی قبر بنا دی تھی۔ کشف اور وجدان کے ذریعے ادراک حقیقت کے بعد صوفی صحیح معنوں میں عاشق ہو جاتا ہے کہ بہ رغبت تمام محبوب حقیقی کے تمام احکام کی پیروی کرتا ہے۔ رومی نے جوہر عشق کی تعریف اور اس کی ماہیت کی طرف معنی خیز اشارے کیے ہیں۔ صوفی کی ذہنی تکمیل کا مقام کیا ہے اس کے متعلق دو شعر نہایت دل نشیں ہیں: ’’آدمی دید است باقی پوست استدید آں باشد کہ دید دوست استجملہ تن را در گداز اندر بصردر نظر رو در نظر رو در نظر‘‘ علامہ اقبال نے اس کی یوں تشریح کی ہے: ”خرد کے پاس خبر کے سوا کچھ اور نہیں ترا علاج نظر کے سوا کچھ اور نہیں‘‘ قونیہ اور مولانا رومی کے بارے میں تو، دفتر، لکھے جا سکتے ہیں لیکن کالم کی طوالت کیوجہ سے آخری جملہ یہ کہ مولانا کے مزار پر نہ تو کسی کے پاس جوتیاں سنبھالنے کا ٹھیکہ تھا، نہ چندے کے لیے کوئی ڈبے، نہ یہاں کوئی دیگیں کھڑک رہی تھیں، نہ کوئی پنڈارا تھا، نہ پھولوں اور چڑھاوے کی چادروں والی دُکانیں تھیں، نہ کوئی ملنگ نہ دھمال نہ ہی کوئی جو تم پیزار اور شور و غوغا۔ بس ایک پاکیزہ سا سکوت اور مولانا کی قد آدم آرام گاہ!

تازہ ترین