اسلام آباد (نمائندہ جنگ)سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ 2013کے بعد مسلسل پارلیمنٹ کے اختیار پر حملے ہو رہے ہیں اور اسکی عزت اور وقار کوبے توقیر کیا جا رہا ہے جس کی پیپلزپارٹی مزاحمت کر رہی ہے، ملک کی وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے، بینظیر بھٹو شہید کی قربانی رائیگاں نہیں ہونے دینگے، جبکہ پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نے کہا کہ ہے بینظیر بھٹو شہید کا قتل قوم کیخلاف سازش تھی، ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کا خاتمہ کرینگے۔ تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے یوم شہادت پر پیغام میں کہا کہ ملک ہمارے لیے اپنی جانوں سے زیادہ عزیز ہے، اسکی آزادی ، وقار ،خودداری اور عزت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے ، آج ملک خطر ناک صورتحال سے گذر رہا ہے ، معیشت تباہ ، خارجہ امور زبوں حالی کے شکار ہیں، قانون کو موم بنا دیا گیا ہے ،غریب مشکلات کا شکار، اسے ریاست کے ثمرات سے محروم کیا جا رہا ہے۔