چاغی(اے پی پی)اسلام آباد سے براستہ تہران اور استنبول کے لیے چلنے والی خصوصی مال بردار ٹرین تفتان سرحد کے راستے ایران روانہ ہو گئی ۔ یہ ٹرین ہفتہ کو چاغی میں واقع پاک ایران سرحدی شہر تفتان پہنچ گئی تھی۔ ریلوے حکام کے مطابق 1990 کلومیٹر کا سفر طے کرکے اسپیشل ٹرین تفتان ریلوے اسٹیشن پہنچی تو وہاں مقامی انتظامیہ اور ریلوے حکام نے اس کا استقبال کیا۔ حکام کے مطابق اسپیشل ٹرین ٹوٹل 13بوگیوں ہر مشتمل ہے جسکے 8 بوگیوں میں پاکستان کی مشہور گلابی نمک لوڈ ہے ۔ حکام کے مطابق مذکورہ ٹرین ایران کے سرحدی شہر زاہدان تک جائے گی جہاں سے اس پر لدے مال کو ایک دوسرے ٹرین میں استنبول روانہ کیا جائیگا۔ حکام کے مطابق اس ٹرین کے چلنے سے ملکی معیشت میں اضافہ ہوگا تینوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ ملے گا۔ اتوار کو پاکستانی قونصل جنرل عبدالجبار نے راہداری گیٹ تفتان کے مقام پر اسلام آباد سے چلنے والی آئ ٹی آئ اسپیشل گڈز ٹرین کا افتتاح کرکے استنبول کے لئے روانہ کردیا۔ افتتاحی تقریب میں ایرانی ریلوے کے سربراہ توسلی رحیم زادہ، پاکستانی قونصل آفیسر منظور احمد خان و دیگر پاکستانی اور ایرانی حکام شریک تھے۔